بھارتی ریاست تلنگانہ میں بی سی سی آئی انڈر 19 کی 17 سالہ خاتون کرکٹر نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔
بھارتی میڈیا انڈیا ٹوڈے کے مطابق تلنگانہ میں انڈر 19 ویمنز کرکٹ ٹیم کی 17 سالہ کھلاڑی نندنی مبینہ طور پر خودکشی کے باعث جان کی بازی ہار گئی، ان کی لاش ضلع ویکارآباد میں واقع ان کی نانی کے گھر سے ملی۔
واقعے کے بعد اہلخانہ اور رشتہ داروں نے احتجاج کرتے ہوئے 2 نوجوانوں کو اس واقعے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ انیل اور کرشنا کی جانب سے مبینہ ہراسانی نے نندنی کو انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور کیا۔
اہلخانہ کے مطابق انیل گزشتہ چند روز سے محبت کے نام پر نندنی کا پیچھا کر رہا تھا اور اسے ہراساں کر رہا تھا، نندنی کے گھر والوں نے کرشنا پر انیل کی مدد کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
پولیس نے خاتون کرکٹر کے ساتھ مبینہ ہراسانی کے معاملے کی تحقیقات بھی شروع کر دی ہیں اور اس سلسلے میں نندنی کا موبائل فون فارنزک کے لیے قبضے میں لے لیا ہے۔
نندنی کے اہل خانہ اور رشتہ داروں نے احتجاج کرتے ہوئے دونوں نامزد نوجوانوں کی فوری گرفتاری اور ان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد نندنی کی لاش اہل خانہ کے حوالے کر دی ہے جبکہ نندنی کے والد کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت پر مقدمہ بھی درج کر لیا ہے۔
سرکل انسپکٹر رگھو نے کہا کہ نندنی کے انسٹاگرام، فیس بک اور واٹس ایپ اکاؤنٹس کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا سوشل میڈیا کے ذریعے کوئی اسے ہراساں یا پریشان تو نہیں کر رہا تھا۔ تحقیقات کے نتائج کی روشنی میں ذمہ دار افراد کے خلاف مناسب قانونی کارروائی کی جائے گی۔



