اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی وزرائے خارجہ کونسل کا 30 واں 2 روزہ اجلاس کل سے اسلام آباد میں شروع ہو گا، جس کی صدارت نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کریں گے۔
ای سی او علاقائی بین الحکومتی تنظیم ہے جس کا بنیادی مقصد رکن ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون، تجارت، سرمایہ کاری، ٹرانسپورٹ، توانائی اور علاقائی روابط کو فروغ دینا ہے۔ پاکستان اس تنظیم کے بانی ارکان میں شامل ہے۔ یہ تنظیم 1985 میں پاکستان، ایران اور ترکیہ نے قائم کی تھی، 1992 میں اس کی رکنیت میں توسیع کرتے ہوئے مزید 7 ممالک کو شامل کیا گیا۔ اس وقت ای سی او کے 10 رکن ممالک ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں ای سی او کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور وفود کے سربراہان شرکت کریں گے۔ وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس سے قبل اعلیٰ حکام کا اجلاس بھی اسلام آباد میں منعقد ہو گا۔ جس میں وزرائے خارجہ کونسل کے ایجنڈے اور اعلامیے کے مسودوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس علاقائی شراکت داری، مشترکہ خوشحالی اور پائیدار ترقی کے لیے اجتماعی کوششوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
🔊PR No.3️⃣2️⃣7️⃣/2️⃣0️⃣2️⃣6️⃣
Curtain Raiser: 30th Meeting of the Economic Cooperation Organization (ECO) Council of Foreign Ministers, Islamabad (15-16th November 2026)
🔗⬇️ https://t.co/GVnaR9laON
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) November 14, 2026
ترجمان نے بتایا کہ پاکستان کی صدارت میں علاقائی روابط اور اقتصادی انضمام کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے گی، علاقائی شراکت داری، خوشحالی اور پائیدار ترقی کے لیے مشترکہ کوششوں کو فروغ دیا جائے گا۔
خیال رہے اقتصادی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کا 29 واں اجلاس 28 نومبر 2025 کو قازقستان کی صدارت میں آن لائن منعقد ہوا تھا۔ جس کی میزبانی قازقستان کے وزیر خارجہ یرمیک کوشربایف نے کی، جبکہ پاکستان کی نمائندگی نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کی تھی۔
اجلاس کا مرکزی موضوع علاقائی ٹرانسپورٹ روابط اور پائیدار ترقی کو فروغ دینا تھا۔ اجلاس کے دوران پاکستان کو 2026-27 کیلیے ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کی سربراہی سونپ دی گئی تھی۔


