اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پنجاب پولیس کی تحویل میں موجود پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ارکان قومی اسمبلی ثنا اللہ خان مستی خیل اور داوڑ خان کنڈی کے پروڈکشن آرڈر جاری کردیئے۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل اپوزیشن نے گرفتار ارکان کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے کا مطالبہ کیا تھا، پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر نے اسپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھ کر 9 گرفتار ارکان کو اجلاس میں شرکت کے لیے ایوان میں لانے کی درخواست کی تھی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے آئین کے آرٹیکل 54(1) کے تحت پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کل 15 اکتوبر کو صبح 11 بجے طلب کرلیا ہے۔
ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق اسپیکرسردارایاز صادق نے دونوں ارکان کے پروڈکشن آرڈر قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط اورطریق کار2007 کے قاعدہ 108 کے تحت تفویض شدہ اختیارات استعمال کرتے ہوئے جاری کیے ہیں۔
ترجمان قومی اسمبلی نے بتایا کہ پروڈکشن آرڈرزقومی اسمبلی کے جاری اجلاس کے لئے جاری کیے گئے ہیں، جس کے تحت پنجاب پولیس کی تحویل میں موجود دونوں ارکان کو اجلاس میں شرکت کے لیے پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے پروڈکشن آرڈرز کی نقول متعلقہ حکام کو ارسال کردی ہیں۔
ترجمان کے مطابق یہ نقول سیکرٹری وزارت داخلہ اسلام آباد، چیف سیکرٹری پنجاب، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب، ایڈیشنل ہوم سیکرٹری پنجاب، چیف کمشنراسلام آباد، انسپکٹرجنرل پولیس اسلام آباد اورسارجنٹ ایٹ آرمز قومی اسمبلی کو بھجوا دی گئی ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی کے اس اقدام کے بعد دونوں ارکان کی ایوان میں شرکت کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں، پروڈکشن آرڈرز کا مقصد جاری اجلاس میں دونوں ارکان کی موجودگی یقینی بنانا ہے، ثنا اللہ خان مستی خیل اور داوڑ خان کنڈی کا تعلق اپوزیشن جماعت پاکستان تحریک انصاف سے ہے۔



