نیوزی لینڈ کے جارح مزاج بیٹر گلین فلپس نے بھارت کیخلاف 5 میچز کی ٹی 20 سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نئی تاریخ رقم کر دی۔
گلین فلپس سیریز کے 5 میچز میں مجموعی طور پر 341 رنز اسکور کرکے ٹی 20 سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے دنیا کے پہلے بیٹر بن گئے ہیں۔ انہوں نے سیریز میں 2 اہم ریکارڈ اپنے نام کر لیے۔
اس سے قبل سیریز میں زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ انگلینڈ کے فل سالٹ کے پاس تھا، جنہوں نے 2023ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 5 میچز کی سیریز میں 331 رنز بنائے تھے۔
گلین فلپس نے سیریز کے دوران ایک سنچری اور 3 نصف سنچریاں بنائیں ، انہوں نے سیریز میں 113.67 کی شاندار اوسط اور 185.33 کے اسٹرائیک ریٹ سے 341 رنز اسکور کیے۔ ان کی اننگز میں آکلینڈ میں کھیلی گئی 49 گیندوں پر 107 رنز کی دھواں دار اننگز بھی شامل ہے، جس کی بدولت نیوزی لینڈ نے بھارت کو 87 رنز سے شکست دی تھی۔
اس کے علاوہ گلین فلپس نے سیریز کے آخری میچ میں ناقابلِ شکست 65 رنز بنا کر نیوزی لینڈ کی فتح میں بھی اہم کردار ادا کیا، لیکن اس کامیابی کے باوجود بھی بھارت 5 میچز کی سیریز 2-3 سے اپنے نام کرنے میں کامیاب رہا۔
گلین فلپس نے اس سیریز میں ایک اور اہم اعزاز بھی حاصل کیا، وہ 2026ء میں بھارت کے خلاف ٹی 20 مقابلوں میں مجموعی طور پر 522 رنز بنا چکے ہیں، جو ایک سال میں کسی ایک حریف کے خلاف سب سے زیادہ رنز بنانے کا نیا عالمی ریکارڈ ہے۔
واضح رہے کہ پانچ میچز کی سیریز میں بھارت نے ابتدائی تینوں میچز جیت کر فیصلہ کن برتری حاصل کر لی تھی، تاہم نیوزی لینڈ نے آخری دونوں میچز میں کامیابی حاصل کرکے سیریز کا اختتام 2-3 کے اسکور پر کیا۔ سیریز بھارت کے نام رہی، لیکن انفرادی کارکردگی کے اعتبار سے گلین فلپس سب سے نمایاں بیٹر ثابت ہوئے اور سیریز کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز بھی حاصل کیا۔



