امریکی ریاست فلوریڈا کے رہائشی علاقے میں نجی کمپنی کا طیارہ گر کر تباہ ہونے کے نتیجے میں سوار تمام 9 افراد ہلاک ہو گئے۔ حکام نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دیں۔
برطانوی اخبار دی گارڈین کے مطابق حادثہ اتوار کو پام بیچ کاؤنٹی میں دوپہر 12 بج کر 50 منٹ پر صدر ٹرمپ کی رہائشگاہ مارالاگو سے تقریباً 7 میل دور پیش آیا، گرنے کے بعد طیارے میں آگ لگ گئی۔
امریکی وزیر ٹرانسپورٹ سین ڈفی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے ایک ہولناک سانحہ قرار دیا۔
Today’s plane crash in Palm Beach County, Florida is a horrific tragedy
Here’s what we know:
– At 12:50 PM ET, a Learjet 60 crashed in a neighborhood near Cresthaven, FL
– All 9 people on board were killed
– The aircraft departed from Austin, Texas, and was headed to the Bahamas
– The FAA is sending a team to the scene to support the @NTSB’s investigationPlease join me in praying for the families and loved ones of those we lost — @FAANews & @USDOT are closely monitoring this crash and will share updates as we learn more
— Secretary Sean Duffy (@SecDuffy) November 1, 2026
امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے مطابق 20 لاکھ ڈالر مالیت کے لیئر جیٹ 60 نامی طیارے نے ٹیکساس کے آسٹن برگسٹروم انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اڑان بھری تھی اور اس کی منزل بہاماس تھی۔
ایئر ٹریفک کنٹرول کی ریکارڈنگ اور پرواز کی نگرانی کرنے والے ڈیٹا کے مطابق طیارہ 35 ہزار فٹ کی بلندی پر مشرق کی جانب محو پرواز تھا کہ پائلٹس نے شدید جھٹکوں، برف جمنے اور بارش کی اطلاع دی اور مزید 2 ہزار فٹ بلندی پر جانے کی اجازت طلب کی۔ کچھ ہی لمحوں بعد طیارہ تیزی سے نیچے کی جانب آنے لگا۔
پائلٹ نے ہنگامی صورتحال کا اعلان کرتے ہوئے مدد کے لیے پیغامات بھی بھیجے، تاہم طیارہ اچانک دائیں جانب مڑنے کے بعد گر گیا۔
فلوریڈا کے گورنر رون ڈی سینٹس نے جائے حادثہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طیارہ زمین کی جانب ایسے گرا جیسے کوئی میزائل آ رہا ہو، جبکہ سڑک کے کنارے ایک بڑا گڑھا پڑ گیا۔
جائے وقوعہ سے سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جہاز کے گرنے سے زمین میں ایک بہت بڑا گڑھا پڑ گیا ہے اور چاروں طرف آگ کے شعلے بھڑک رہے ہیں۔
امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے کہا ہے کہ وہ نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (این ٹی ایس بی) کی تحقیقات میں معاونت کے لیے ٹیم روانہ کر رہی ہے۔
خیال رہے امریکا میں 2026 کے دوران طیاروں کے حادثات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس سال درجنوں حادثات کے نتیجے میں مجموعی طور پر 500 کے قریب افراد ہلاک ہوئے۔
رواں سال کے نمایاں حادثات میں جون میں ریاست میسوری میں اسکائی ڈائیونگ طیارے کا حادثہ شامل ہے، جس میں 12 افراد ہلاک ہوئے، فلوریڈا کا حادثہ رواں سال امریکا کا دوسرا مہلک ترین فضائی حادثہ قرار دیا گیا ہے۔



