راولپنڈی میں مبینہ قتل ہونے والی ٹی وی اینکر پرسن ربیعہ احسن کے شوہر احسن طاہر کا پولی گرافک ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق دوران تفتیش ملزم کے بیانات میں تضاد سامنے آنے پر اس کا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا جو بدھ کو لاہور میں ہو گا جبکہ رپورٹ ہفتے کو ملنے کی توقع ہے۔
دو روز قبل ربیعہ احسن کی لاش راولپنڈی اڈیالہ روڈ پر گلشن آباد میں گھر کے اندر سے ملی تھی۔ جس کے بعد پولیس نے ان کے شوہر کے خلاف مبینہ قتل کا مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کر لیا تھا۔ پولیس نے ملزم احسن طاہر سے 30 بور پستول بھی برآمد کیا، جس کا وہ لائسنس یا اجازت نامہ پیش نہیں کر سکے۔
دوسری جانب ملزم کو آج ایک روزہ ریمانڈ مکمل ہونے پر راولپنڈی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ تفتیشی افسر نے ملزم کے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، تاہم عدالت نے چار روزہ ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ملزم کو 13 نومبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر مکمل تفتیشی رپورٹ اور پوسٹ مارٹم رپورٹ بھی طلب کرلی۔ ملزم کی جانب سے کوئی وکیل عدالت میں پیش نہیں ہوا۔
پولیس نے سماعت کے بعد ملزم کو دوبارہ اپنی تحویل میں لے لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق احسن طاہر نے دوران تفتیش بتایا کہ اس نے مذاق میں مقامی ساختہ پستول ربیعہ کی طرف کر کے اس کا چیمبر لوڈ کیا، جس کے بعد گولی چل گئی جو ربیعہ کی گردن میں لگی۔ واقعے کے وقت گھر کا ملازم بھی کمرے میں موجود تھا، جبکہ فائرنگ سے قبل میاں بیوی کے درمیان کسی جھگڑے کی اطلاع نہیں ملی۔
ربیعہ کے اہل خانہ کا مقدمہ واپس لینے کا فیصلہ
مقتولہ ربیعہ احسن کے اہل خانہ کی جانب سے مقدمہ آگے نہ بڑھانے کا عندیہ بھی سامنے آیا ہے۔ ربیعہ کی بہن علینہ نے پیر کو ہم نیوز ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ خاندان مقدمہ واپس لینے کے حق میں ہے اور ان کے مطابق ربیعہ کی موت سو فیصد حادثاتی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کا مقدمہ محض اہل خانہ کی درخواست پر واپس نہیں لیا جاسکتا۔ ملزم کو معاف کرنے یا صلح کی صورت میں معاملہ قانون کے مطابق عدالت میں پیش کرنا ہو گا۔ تاہم غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا الگ مقدمہ بھی جاری رکھا جائے گا اور اہل خانہ کی جانب سے ملزم کو معاف کیے جانے کے باوجود اسلحہ کیس میں چالان عدالت میں جمع کرایا جائے گا۔
ایف آئی آر میں کیا مؤقف اختیار کیا گیا؟
ربیعہ احسن کے قتل کا مقدمہ ان کے بھائی خرم احمد کی مدعیت میں تھانہ صدر بیرونی میں درج کیا گیا تھا۔ ایف آئی آر نمبر 1231/26 میں تعزیرات پاکستان کی دفعہ 302 اور پنجاب آرمز آرڈیننس کی دفعہ 13-2 (اے) شامل کی گئی ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق خرم احمد اسلام آباد میں کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے ملازم ہیں اور اپنی بہن سے ملنے راولپنڈی جارہے تھے کہ دوسری بہن علینہ نے فون کرکے فائرنگ کے واقعے سے آگاہ کیا۔
مدعی کے مطابق واقعے کے وقت علینہ اور ان کی والدہ گھر کے لان میں بیٹھی تھیں جبکہ ربیعہ اور ان کے شوہر کمرے میں موجود تھے۔ دوپہر تقریباً ڈھائی بجے فائرنگ کی آواز سن کر دونوں کمرے میں پہنچیں تو ربیعہ خون میں لت پت زمین پر پڑی تھیں، جبکہ احسن طاہر کے ہاتھ میں پستول موجود تھا۔
پولیس نے ملزم سے 30 بور کا پستول بھی برآمد کیا، جس کا وہ لائسنس یا اجازت نامہ پیش نہیں کرسکا۔ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی ٹیم نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کیے، جبکہ لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بینظیر بھٹو اسپتال منتقل کی گئی۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق مقتولہ کے جسم پر دو زخموں کے نشانات تھے، ایک گلے کے نیچے سامنے کی جانب اور دوسرا کمر کی دائیں جانب تھا۔



