چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کو مشورہ دیا ہے کہ وہ پہلے اپنے اتحادیوں جبکہ اس کے بعد سیاسی مخالفین اور اپوزیشن کا اعتماد بحال کریں۔
کراچی میں سیلاب متاثرین کو 10 لاکھ گھر فراہم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملکی مسائل کے حل اور قومی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے حکومت اور اپوزیشن کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ بعض سیاستدان سمجھتے ہیں کہ امیروں کو مزید امیر بنانے سے ملک ترقی کرے گا تاہم ان کے نزدیک ملکی ترقی کے لیے غریب طبقے کو اوپر لانا ضروری ہے۔ نوجوانوں کو مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو قومی مسائل کے حل کے لیے متحد ہونا ہوگا، حکومت اور اپوزیشن کے تعاون کے بغیر عوامی مسائل حل نہیں ہوسکتے۔ قومی اتفاق رائے ہی ملکی مشکلات سے نکلنے کا راستہ ہے۔
بلاول بھٹو نے بتایا کہ حکومت سندھ نے سیلاب متاثرین کیلیے 10 لاکھ گھر تعمیر کیے ہیں جبکہ آئندہ 20 لاکھ گھر بنانے کا منصوبہ ہے۔ معاشی مشکلات کے باوجود ایسے بڑے منصوبوں کی تکمیل خوش آئند اور ملکی تاریخ کا اہم سنگ میل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کو گھروں کی فراہمی کے ساتھ زمین کے مالکانہ حقوق بھی دیے گئے ہیں۔ یہ دنیا کا سب سے بڑا ہاؤسنگ منصوبہ ہے، اس سے قبل زیادہ گھر بنانے کا ریکارڈ نیپال حکومت کے پاس تھا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے صوبے کی ذمہ داری نبھاتے ہوئے ایسا بڑا منصوبہ مکمل کیا جس کی مثال نہیں ملتی۔
حکومت سندھ نے سیلاب متاثرین کیلیے گھروں کی تعمیر کے منصوبے کا باضابطہ اعلان یکم اکتوبر 2022ء کو کیا تھا،10 نومبر 2022ء کو حکومت سندھ اور عالمی بینک کے درمیان گھروں کی تعمیر کے لیے تعاون پر اتفاق ہوا، عالمی بینک نے 50 کروڑ ڈالر فراہم کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔ منصوبے کا اعلان اکتوبر 2022ء میں ہوا جبکہ اس پر عملی پیش رفت اور فنڈز کی فراہمی کا باقاعدہ آغاز فروری 2023ء میں ہوا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ سیلاب کے دوران متاثرین کے گھر اور دیگر اثاثے تباہ ہوگئے تھے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے وعدہ کیا تھا کہ مشکل وقت میں انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں کے دوروں کے دوران متاثرین کی مشکلات اور تکالیف کو قریب سے دیکھا اور محسوس کیا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پوری دنیا اس وقت معاشی بحران سے گزر رہی ہے، ایسے حالات میں عوام دیکھ رہے ہیں کہ کون ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ گھروں کے منصوبے سے سندھ کے غریب عوام کو معاشی تحفظ مل رہا ہے۔ حکومتوں اور سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو ریلیف فراہم کریں اور ان پر معاشی بوجھ کم کرنے کیلئے اقدامات کریں۔
سیلاب متاثرین کیلئے 10 لاکھ گھر تعمیر کرلیے، مراد علی شاہ
قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج سیلاب متاثرین سے کیے گئے وعدے کی تکمیل کا دن ہے، سندھ میں سیلاب کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی تھی تاہم سندھ حکومت نے متاثرہ خاندانوں کیلئے 10 لاکھ گھر تعمیر کرلیے ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کے 23 اضلاع میں موسمیاتی اثرات سے محفوظ 21 لاکھ گھر تعمیر کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، تعمیر کیے گئے ہر گھر کی ڈیجیٹل نگرانی اور تصدیق کی گئی ہے، سندھ پیپلز ہاؤسنگ پروگرام کیلئے عالمی بینک نے 50 کروڑ ڈالر جبکہ سندھ حکومت نے اپنے وسائل سے 17 کروڑ 90 لاکھ ڈالر فراہم کیے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کی بڑی کامیابی دیہی سندھ کی خواتین کو بااختیار بنانا ہے، لاکھوں خواتین پہلی بار اپنے گھروں کی مالکن بنی ہیں۔ خواتین کے نام گھروں کی رجسٹریشن انہیں تحفظ، عزت اور ملکیتی حقوق فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹھیکیداروں کے بجائے متاثرہ خاندانوں کو خود اپنے گھر تعمیر کرنے کا اختیار دیا گیا، اس منصوبے کے اصل ہیرو سندھ کے عوام ہیں جنہوں نے محنت اور عزم سے اپنے گھر تعمیر کیے۔ سندھ پیپلز ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کی 40 رکنی ٹیم نے ڈیجیٹل نظام کے ذریعے یہ تاریخی کام مکمل کیا۔
مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ گھروں کی تعمیر کے بعد صاف پانی، صفائی اور نکاسی آب کے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔ ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے 4 ہزار 800 دیہات کو بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 10 لاکھ گھر مکمل ہونے کے بعد اب 21 لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف حاصل کریں گے، بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں عوام کی امیدیں پوری کرنے کیلئے پُرعزم ہیں۔



