کراچی کے علاقے گلشن حدید میں نجی سوسائٹی میں واقع گھر سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ واقعے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات شروع کر دی گئیں۔
پولیس کے مطابق ضلع ملیربن قاسم ٹاؤن تھانے کی حدود فلک ناز سوسائٹی میں ایک گھر سے 40 سالہ شاہ زیب، ان کی 40 سالہ اہلیہ صبا، 5 سالہ بیٹی ایزل اور 4 سالہ بیٹی آریہ کی لاشیں ملیں۔ پانچویں لاش 18 سالہ شمائلہ کی ہے جو شاہ زیب کی بہن ہے۔
لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ، پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر شواہد اکھٹے کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ایس ایس پی ملیر ڈاکٹر عبدالخالق پیزادہ کے مطابق لاشیں ایک ہی کمرے سے ملیں، دروازہ اندر سے بند تھا جبکہ میاں بیوی کو گولیاں لگی ہیں۔
’گھر کے مالک کا ابتدائی بیان ریکارڈ‘
ڈاکٹر عبدالخالق پیزادہ نے جائے وقوع کے دورے پر گھر کے مالک کا ابتدائی بیان ریکارڈ کر لیا گیا ہے، پولیس نے گھر سے شواہد جمع کر لیے ہیں، تفیش کا عمل جاری ہے۔
ایس ایس پی ملیر نے کہا کہ گھر سے ایک پستول اور شاہزیب کی جیب سے ایک خط ملا ہے، ابتدائی طور پر شبہ ہے کہ بچوں کو زہر دیا گیا ہے، اور مالی حالات سے تنگ آ کر خودکشی کی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ایک ڈاکٹر، ان کی اہلیہ اور تین کم عمر بیٹیوں کی لاشیں سپر ہائی وے کے قریب اسکیم 33 کے علاقے احسن آباد میں واقع ان کے اپارٹمنٹ سے ملی تھیں۔ اس واقعے کی تحقیقات کے لیے آئی جی پولیس سندھ غلام نبی میمن (غلام نبی اودھو) نے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دی تھی۔
آئی جی سندھ نے رپورٹ طلب کر لی
دوسری جانب آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ڈی آئی جی سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں، جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے اور فرانزک تحقیقات سمیت تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ واقعے میں ملوث عناصر یا ممکنہ مجرمانہ پہلوؤں کو سامنے لانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، تحقیقات میں پیش رفت سے مسلسل آگاہ رکھا جائے۔
علاوہ ازیں وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کراچی بن قاسم ملیر میں فلیٹ سے پانچ افراد کی لاشیں ملنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ملیر سے واقعے کی مکمل تفصیلات طلب کر لیں۔
وزیر داخلہ سندھ کی تمام پہلووں سے تحقیقات کی ہدایت
وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار نے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات، محرکات اور حقائق سامنے لانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں، تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ملوث عناصر کا تعین کرکے قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنائی جائے، وزیر داخلہ نے ایس ایس پی کو واقعے کی تفتیش اور پیش رفت سے آگاہ رکھنے کی ہدایت کی۔



