خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کے علاقے سلیمان خیل میں جائیداد کے تنازع پر فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ جائیداد کے تنازع پر نماز مغرب کے بعد مسجد میں پیش آیا، فائرنگ کے نتیجے میں ایک فریق کے تین اور دوسرے فریق کا ایک شخص ہلاک ہوا ، جاں بحق ہونے والوں میں باپ بیٹا اور بھتیجا بھی شامل ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھا کرنا شروع کر دیئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لاشوں کو ضروری کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات سامنے آنے کا امکان ہے۔
عبدال خیل میں فائرنگ سے تین نوجوان جاں بحق
خیال رہے لکی مروت میں رواں مہینے قتل کے کئی واقعات پیش آ چکے ہیں، تین دن قبل لکی مروت کے علاقے عبدال خیل کے قریب نامعلوم افراد نے ایک لوڈر رکشے پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں حسن خیل کے علاقے میں کرکٹ میچ دیکھ کر واپس آنے والے تین جوان جاں بحق ہوئے تھے۔
تین ہفتے پہلے لکی مروت کے دو منجی والا روڈ سے 2 اور کرم پل سے بھی 2 لاشیں ملی تھیں، ابتدائی طور پر چاروں افراد کو گولیاں مار کر قتل کیے جانے کا شبہ ظاہر کیا گیا تھا۔



