صاحبزادہ فرحان نے ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے کے بعد جارحانہ کرکٹ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان صاحبزادہ فرحان نے سری لنکا کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرنے کے بعد پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیریز شروع ہونے سے پہلے مختلف انداز کی کرکٹ کھیلنے کا ذہن بنایا تھا، ٹی ٹوئنٹی کرکٹ جب بھی کھیلوں گا، جارحانہ انداز میں کھیلوں گا۔
صاحبزادہ فرحان کا کہنا تھا کہ انہیں معلوم ہے کہ ان کے بعد معاذ صداقت، حسن نواز اور صائم ایوب جیسے کھلاڑی موجود ہیں، اسی لیے وہ اٹیکنگ شاٹس کھیلتے ہیں۔
انہوں نے نوجوان بیٹر معاذ صداقت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ انڈر 16 اور انڈر 19 کے مراحل سے گزر کر آئے ہیں اور بہت زبردست کھیل رہے ہیں۔
پاکستانی کپتان نے محمد عمران رندھاوا کی بولنگ کی بھی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ محمد عمران ڈومیسٹک کرکٹ کے پرفارمر ہیں اور ایک ہی جگہ تسلسل کے ساتھ بولنگ کروا سکتے ہیں۔ انہیں محسوس ہوا کہ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں محمد عمران کا دن ہے، اسی لیے انہیں چار اوورز کا اسپیل ایک ساتھ کروایا۔
پہلے دو میچوں میں صاحبزادہ فرحان اور معاذ صداقت کی کارکردگی
پاکستان نے سری لنکا کے خلاف پہلے دونوں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل جیت کر سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔
پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں صاحبزادہ فرحان نے 53 گیندوں پر 89 رنز بنائے جبکہ معاذ صداقت نے 29 گیندوں پر 50 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان نے 183 رنز کا ہدف 18.5 اوورز میں حاصل کیا۔
سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں صاحبزادہ فرحان نے 44 گیندوں پر 73 رنز بنائے جبکہ معاذ صداقت نے 51 گیندوں پر 96 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ پاکستان نے 215 رنز بنائے اور سری لنکا کو 82 رنز سے شکست دی۔



