پنجاب اور خیبر پختونخوا میں ٹریفک کے مختلف حادثات میں کم از کم 12 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے، جبکہ کراچی میں اسکول وین الٹنے سے 4 بچے زخمی ہوئے۔
پاکستان میں آئے روز ٹریفک حادثات میں اموات رپورٹ ہوتی ہیں جن کے پیچھے بڑی وجوہات میں لاپرواہی اور تیز رفتار ڈرائیونگ شامل ہیں۔ ایشین ٹرانسپورٹ آبزرویٹری کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ٹریفک حادثات میں تقریباﹰ ہر 6 منٹ بعد کسی نہ کسی انسان کی موت واقع ہوتی ہے۔ گزشتہ روز بھی پاکپتن میں مسافر بس اور ٹرالر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق اور 33 زخمی ہوئے۔
آج صبح ایبٹ آباد ہزارہ موٹروے پر گلگت سے راولپنڈی جانے والی مسافر بس ڈمپر سے ٹکرا گئی جس کے نیتجے میں 7 افراد جاں بحق اور 23 زخمی ہوگئے۔
ریسکیو1122 ایبٹ آباد
حویلیاں انٹرچینج کے قریب موٹروے پر فیصل موورز بس اور ڈمپر کے درمیان تصادم، 3 افراد جابحق جبکہ 16 زخمی
ریسکیو 1122 کی 7 ایمبولینسز اور ایک ریسکیو وہیکل نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام زخمیوں اور جاں بحق افراد کو ہسپتال منتقل کیا۔ ریسکیو آپریشن مکمل https://t.co/HGbasmLSSM— KP_Rescue1122 (@KPRescue1122) November 6, 2026
ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد حمید اللہ خان نے اموات اور زخمیوں کی تعداد کنفرم کرتے ہوئے بتایا کہ زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال ایبٹ آباد اور ایوب میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
ان کے مطابق امدادی ٹیمیں فوراً جائے وقوعہ کی جانب روانہ کی گئیں تھیں جنہوں نے زخمیوں کو دونوں ہسپتالوں میں منتقل کیا۔
مشیر برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ و ریلیف، بحالی و آبادکاری ثمر ہارون بلور کا ہزارہ موٹر وے پر مسافر بس اور ڈمپر کے درمیان افسوسناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار https://t.co/0Xb7PkLidY
— Information Department KP (@infokpgovt) November 6, 2026
دوسری جانب بھکر پولیس کے مطابق دریا خان میں ہیتو خسور روڈ پر بالی ہیڈ کے قریب تیز رفتاری کے باعث ٹریکٹر ٹرالی الٹ گئی، جس کے نتیجے میں 2 خواتین اور 2 بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ٹریکٹر ٹرالی پر سوار تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا اور وہ ٹانک سے سرگودھا جا رہے تھے۔ حادثہ رات گئے پیش آیا۔ پٹرولنگ پولیس قریشیانوالہ نے زخمیوں کو ٹرالی سے نکال کر ریسکیو 1122 کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا۔ اطلاع ملنے پر ایس ایچ او تھانہ صدر دریا خان اور امدادی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں۔
پولیس نے غفلت، لاپرواہی اور تیز رفتاری سے گاڑی چلانے کے الزام میں ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے حادثے میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے تعزیت کی اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کا بھکر کے قریب ٹریکٹر ٹرالی حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر سوگوار خاندان سے اظہار ہمدردی و تعزیت https://t.co/hbQPDPZ7WF
— Team MNS (@TeamMNSharif) November 6, 2026
اسی طرح ریسکیو 1122 ملتان کے مطابق عبدالحکیم کے قریب ایم فور موٹروے پر کار آگے جانے والے ٹینکر سے پیچھے کی جانب ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 75 سالہ اسماعیل جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو کے مطابق زخمیوں میں 48 سالہ محمد فہیم، 36 سالہ شعیب اور 22 سالہ احمد شامل ہیں۔ جاں بحق اور زخمیوں کا تعلق مظفرگڑھ سے ہے اور کار لاہور سے مظفرگڑھ جا رہی تھی۔ امدادی اہلکاروں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد آر ایچ سی عبدالحکیم منتقل کر دیا۔
علاوہ ازیں نیو کراچی میں پاور ہاؤس چورنگی کے قریب اسکول وین الٹنے سے 4 بچے زخمی ہو گئے۔ ریسکیو کے مطابق زخمی بچوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
