بھارت کے خلاف پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل نیوزی لینڈ کو بڑا دھچکا لگا ہے جہاں انجری کے باعث مارک چیپمین اور زیک فولکس سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے اہم کھلاڑی مارک چیپمین گزشتہ ماہ یورپ میں ٹی 20 لیگ کے دوران ہیم اسٹرنگ انجری کا شکار ہوئے تھے جس کے باعث وہ بھارت کے خلاف پوری پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز نہیں کھیل سکیں گے۔ ان کی نظریں اب بھارت کے خلاف ون ڈے سیریز میں واپسی پر ہیں۔
دوسری جانب فاسٹ بولر زیک فولکس کولہے کے پٹھے میں تکلیف کا شکار ہیں۔ ان کی میدان میں واپسی کے حوالے سے تاحال کوئی حتمی مدت طے نہیں کی گئی۔
دونوں کھلاڑیوں کی انجری کے بعد آل راؤنڈر جوش کلارکسن اور فاسٹ بولر بلیئر ٹکنر کو نیوزی لینڈ کے 16 رکنی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔
نیوزی لینڈ کے ہیڈ کوچ روب والٹر نے مارک چیپمین اور زیک فولکس کی انجری پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ دونوں کی جلد صحت یابی کے خواہاں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیم خوش قسمت ہے کہ اسے جوش کلارکسن اور بلیئر ٹکنر کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کا موقع مل رہا ہے۔ دونوں کھلاڑی اس اہم ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرکت کے لیے پُرجوش ہیں۔
واضح رہے نیوزی لینڈ اور بھارت رواں سال آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں بھی مدمقابل آئے تھے جہاں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 96 رنز سے شکست دی تھی۔
نیوزی لینڈ کا 16 رکنی اسکواڈ
نیوزی لینڈ کی قیادت مچل سینٹنر کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فن ایلن، مائیکل بریسویل، جوش کلارکسن، ڈیون کونوے، جیکب ڈفی، لوکی فرگوسن، میٹ ہنری، بیون جیکبز، کائل جیمیسن، ایڈم ملنے، ڈیرل مچل، گلین فلپس، ٹم سیفرٹ، نیتھن اسمتھ اور بلیئر ٹکنر شامل ہیں۔
An update to our T20I squad ahead of the Hero VIDA T20I Series Powered by AI+ Nova Smartphone against India, starting at Hagley Oval on October 22.
More | https://t.co/dqTGczJrkV 📲 https://t.co/BeU2146DXX
— BLACKCAPS (@BLACKCAPS) October 9, 2026
بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹی 20 سیریز کا شیڈول
پہلا ٹی ٹوئنٹی:22 اکتوبر، کرائسٹ چرچ
دوسرا ٹی ٹوئنٹی:24 اکتوبر، کرائسٹ چرچ
تیسرا ٹی ٹوئنٹی:27 اکتوبر، ویلنگٹن
چوتھا ٹی ٹوئنٹی:30 اکتوبر، آکلینڈ
پانچواں ٹی ٹوئنٹی:یکم نومبر، ہیملٹن



