بھارت کے معروف فاسٹ بولر محمد شامی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، انہوں نے اپنے ٹیسٹ ڈیبیو کے 13 سال مکمل ہونے پر انسٹاگرام کے ذریعے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔
36 سالہ محمد شامی نے نومبر 2013 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا اپنے پہلے ہی میچ میں انہوں نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 9 وکٹیں 118 رنز کے عوض حاصل کیں، جو آج بھی ان کی بہترین میچ بولنگ ہے۔
کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق محمد شامی نے بھارت کی جانب سے 64 ٹیسٹ میچز کھیلے اور 27.71 کی اوسط سے 229 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ بھارت کی تاریخ میں سب سے زیادہ ٹیسٹ وکٹیں لینے والے فاسٹ بولرز کی فہرست میں ابتدائی پانچ کھلاڑیوں میں جگہ نہیں بنا سکے۔
ریٹائرمنٹ کے اعلان میں محمد شامی نے اپنے 13 سالہ سفر کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹ کیپ اور گیند نے انہیں محمد شامی بنایا، کیریئر میں کئی اتار چڑھاؤ آئے، وہ گرے، زخمی ہوئے لیکن دوبارہ اٹھ کر ملک کے لیے کھیلتے رہے۔
انہوں نے اپنے کوچز، ٹرینرز، فزیو اور کیریئر میں معاونت کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جبکہ مداحوں کی محبت اور حمایت کو بھی اپنے لیے سب سے بڑا اعزاز قرار دیا۔
محمد شامی نے کہا کہ 6 نومبر کو انہوں نے ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا اور 6 نومبر ہی کو اپنے 13 سالہ ٹیسٹ کیریئر کو اختتام پذیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
🚨 MOHAMMED SHAMI HAS ANNOUNCED HIS RETIREMENT FROM TEST CRICKET ✅ https://t.co/bQmvpl0hpR
— Abhimanyu Dadhich 🛞 (@FPLAbhimanyu) November 6, 2026
انہوں نے واضح کیا کہ ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کے باوجود وائٹ بال کرکٹ جاری رکھیں گے اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سمیت ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی کھیلتے رہیں گے۔ فٹنس برقرار رکھنے کے لیے ضرورت پڑنے پر طویل دورانیے کی ڈومیسٹک کرکٹ بھی کھیل سکتے ہیں۔
ٹیسٹ کیریئر کے نمایاں اعدادوشمار
محمد شامی نے 64 ٹیسٹ میچز میں 229 وکٹیں حاصل کیں، ان کی بولنگ اوسط 27.71 اور اسٹرائیک ریٹ 50.2 رہا۔ انہوں نے ایک اننگز میں 6 مرتبہ پانچ یا اس سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
بھارتی سرزمین پر شامی کی کارکردگی مزید متاثرکن رہی، جہاں انہوں نے 22.1 کی اوسط سے وکٹیں حاصل کیں اور ہر 42.6 گیندوں پر ایک وکٹ حاصل کی۔ بھارت میں ان سے بہتر ٹیسٹ بولنگ اسٹرائیک ریٹ صرف چار بھارتی بولرز کا رہا ہے۔
ان کی بولنگ کی خاص بات وکٹوں کو نشانہ بنانا اور گیند کی سیم پوزیشن برقرار رکھنا تھا، جس کے باعث وہ ریورس سوئنگ سے بھی حریف بیٹرز کو مشکلات میں ڈالتے رہے۔ ان کے تقریباً 45 فیصد شکار بولڈ یا ایل بی ڈبلیو ہوئے۔
محمد شامی کے کیریئر کا ایک یادگار لمحہ 2016 میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں سامنے آیا، جب انہوں نے سابق انگلش کپتان ایلسٹر کک کی وکٹیں درمیان سے توڑ دی تھیں۔
شامی نے بھارت کی جانب سے آخری ٹیسٹ میچ جون 2023 میں آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں کھیلا تھا۔ وہ مارچ 2025 میں چیمپئنز ٹرافی کے فائنل کے بعد سے بھارت کی جانب سے کسی بھی فارمیٹ میں نہیں کھیلے۔



