ملک بھر میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، فی تولہ سونا 6 ہزار 500 روپے سستا ہوگیا، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 29 ہزار 136 روپے مقرر ہوگئی۔
خیال رہے کہ گزشتہ دو روز کے دوران فی تولہ سونا 23 ہزار 500 روپے مہنگا ہونے کے بعد آج 6500 روپے سستا ہوگیا۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی قیمت میں کمی کے بعد 10 گرام سونے کی قیمت بھی 5 ہزار 573 روپے گھٹ گئی ہے۔
ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 10 گرام سونے کی نئی قیمت 3 لاکھ 67 ہزار 914 روپے ہوگئی ہے۔
سونے کی قیمتوں میں کمی کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ اور 10 گرام سونا گزشتہ نرخوں کے مقابلے میں سستا ہوگیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں سونے کی قیمتوں کا تعین عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں اور مقامی مارکیٹ کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جاتا ہے۔ عالمی سطح پر سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا اثر براہ راست مقامی صرافہ مارکیٹوں پر بھی پڑتا ہے۔
سونے کی قیمتوں میں کمی سے زیورات کی خریداری کرنے والے صارفین کو بھی ریلیف ملنے کا امکان ہے تاہم زیورات کی حتمی قیمت میں مزدوری اور دیگر اخراجات بھی شامل ہوتے ہیں۔



