محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں 10 اکتوبر سے بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات نے 10 سے 15 اکتوبر کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک کمزور سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں پر اثرانداز ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، پوٹھوہار ریجن اور شمالی پنجاب کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہو سکتی ہے۔
پیش گوئی کے مطابق پنجاب اور اسلام آباد میں 10، 11، 13 اور 14 اکتوبر کو بارش کا امکان ہے، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال اور لاہور سمیت مختلف علاقوں میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں بھی 15 اکتوبر تک بارش کا امکان ہے، چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور دیگر علاقوں میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ بارش اور تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 10 سے 15 اکتوبر کے دوران کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارش اور گرج چمک کا امکان ہے، بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے، جس کے باعث درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے۔
بلوچستان کے بعض اضلاع، بالخصوص ژوب، بارکھان، دکی، ہرنائی، کوہلو، لورالائی، موسیٰ خیل اور زیارت میں بھی تیز ہواؤں اور بارش کی توقع ہے۔
دوسری جانب سندھ کے بیشتر علاقوں میں آئندہ چند روز کے دوران موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
Rain-wind/thunderstorm (isolated hailstorm) predicted in upper/central parts of the Pakistan from October 10, 2026.
#PMD #PakistanWeather #WeatherAlert #RainAlert #Thunderstorm #Hailstorm #Kashmir #GilgitBaltistan #MeteoPak https://t.co/flwRqOPYwR— Pak Met Department محکمہ موسمیات (@pmdgov) October 9, 2026
محکمہ موسمیات کے فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق 10 سے 15 اکتوبر کے دوران بڑے دریاؤں کے بالائی آبی علاقوں میں بھی کہیں کہیں بارش ہو سکتی ہے تاہم 9 اکتوبر کو جاری کردہ بلیٹن میں بڑے دریاؤں کے بہاؤ معمول کے مطابق رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت
محکمہ موسمیات کی سابقہ موسمی ایڈوائزری کے مطابق تیز ہواؤں، آسمانی بجلی اور ژالہ باری کے دوران کمزور عمارتوں، کچے مکانات، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز، گاڑیوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہو سکتا ہے۔
شہریوں کو چاہیے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، کھلے مقامات اور درختوں کے نیچے کھڑے ہونے سے بچیں اور موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہیں۔



