نواب شاہ: پاکستان تحریک انصاف سندھ کے سینئر ایگزیکٹو وائس پریزیڈنٹ اور ممبر سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی، حلیم عادل شیخ نے الزام عائد کیا ہے کہ آصف علی زرداری نے نواب شاہ میں پی ٹی آئی کا مینڈیٹ چوری کیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے ’شکریہ پاکستان‘ کارواں کے نواب شاہ پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ کے عوام خاص طور پر تحریک انصاف نواب شاہ کے عوام کا شکریہ ادا کرنے کے لیے ’شکریہ پاکستان‘ کارواں لے کر آیا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں پی ٹی آئی کے ورکروں سے ہونے والی زیادتیوں کا حساب لیں گے، زرداری نے نواب شاہ میں پی ٹی آئی کا مینڈیٹ چوری کیا ہے۔
انہوں نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی کامیابی کو پاکستان کی جیت قرار دیا اور مخالفین پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف جیل جا چکے ہیں، ظلم کا زمانہ ختم ہو چکا ہے، اب کرپشن کی لعنت کو سندھ سے بھی ختم کر دیں گے، سندھ کا مستقبل تحریک انصاف ہے جسے سندھ کے عوام نے بھرپور طریقے سے ووٹ دیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے آبادگاروں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا بدلہ لیں گے، اب جھوٹی ایف آئی آر درج کرانے اور کارکنوں کو ہراساں کرنے کا وقت ختم ہو چکا۔