وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ملاقات میں بلوچستان میں امن و امان مزید موثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کی۔ بعد ازاں دونوں رہنماؤں کی مشترکہ زیر صدارت بلوچستان میں امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے صوبے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، جاری اقدامات اور آئندہ حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں بلوچستان میں انسداد دہشت گردی فورس اور پولیس کی پیشہ ورانہ استعداد کار مزید بہتر بنانے، صوبائی پولیس کو مضبوط کرنے کے فیصلوں پر عملدرآمد تیز کرنے اور وزارت داخلہ کی جانب سے درکار وسائل کی فراہمی میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔
Federal Interior Minister Mohsin Naqvi, CM Sarfraz Bugti Chair High-Level Security Meeting in Quetta | NazrbanBalochistan#Quetta #Balochistan #MohsinNaqvi #SarfrazBugti #Security pic.twitter.com/WsnQOy2Ox2
— Nazrban Balochistan News (@NazrbanNews) July 25, 2026
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ بحالیٔ امن کے لیے ماسٹر پلان پر فوری اور مؤثر عمل درآمد وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ امن و امان کی حکمت عملی میں بلوچستان پولیس کے سابق سربراہان کے تجربات اور مشاورت سے بھی بھرپور استفادہ کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جدید ٹیکنالوجی، بہتر انٹیلی جنس اور مربوط حکمت عملی ناگزیر ہے، اور وفاقی و صوبائی حکومتیں امن کے قیام کے لیے مکمل یکجہتی اور ہم آہنگی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہر محاذ پر ایک قدم آگے رہیں گے اور کسی دباؤ میں نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی رٹ ہر قیمت پر قائم کی جائے گی اور دہشت گردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں چھوڑی جائے گی۔
مستونگ میں فورسز کا آپریش العزم جاری، ہلاک دہشتگردوں کی تعداد 13 ہو گئی
میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان کے مطابق میرٹ کو فروغ دے کر نوجوانوں کا اعتماد بحال کیا جا رہا ہے جبکہ امن، ترقی اور خوشحالی ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور وفاق کے تعاون سے بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور ترقیاتی منصوبوں پر مزید تیزی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
