چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ میں طاقتور سمندری طوفان نول (Noul) کے ٹکرانے کے بعد شدید بارشوں، تیز ہواؤں اور سیلاب کے خطرات کے پیش نظر ہائی اسپیڈ ریلوے سروس، سیکڑوں پروازیں اور اہم شاہراہیں بند کردی گئی ہیں، جبکہ حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت جاری کردی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق طوفان نول اتوار کی صبح تقریباً 3 بج کر 50 منٹ پر گوانگ ڈونگ کے شہر ہوئی ژو (Huizhou) کے ساحلی علاقے سے ٹکرایا۔ محکمہ موسمیات نے اسے رواں سال چین سے ٹکرانے والا اب تک کا طاقتور ترین طوفان قرار دیا ہے۔
آسٹریلیا میں خوفناک منظر، طوفان سے قبل آسمان کا رنگ حیران کن طور پر تبدیل
چین کے نیشنل میٹرولوجیکل سینٹر نے ہفتے کی شام پہلی مرتبہ رواں سال کا سرخ (ریڈ) ٹائفون الرٹ جاری کیا، جو چار درجوں پر مشتمل وارننگ سسٹم میں سب سے بلند سطح ہے۔ بعد ازاں طوفان کی شدت میں کچھ کمی آنے پر وارننگ کو نارنجی درجے تک محدود کردیا گیا، تاہم ماہرین نے خبردار کیا کہ بارشوں کا سلسلہ مزید شدت اختیار کرسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان شمال مغرب کی جانب بڑھتے ہوئے بتدریج کمزور ہوگا، لیکن اس کے نتیجے میں جنوبی چین کے وسیع علاقوں میں موسلادھار بارش متوقع ہے۔ شین ژین، گوانگ ژو اور دریائے پرل ڈیلٹا کے صنعتی علاقے بھی شدید متاثر ہونے والے علاقوں میں شامل ہیں۔
چندرا طوفان برطانیہ سے ٹکرا گیا ، نظام زندگی مفلوج ، تعلیمی ادارے بند
ادھر اتوار کی صبح شدید بارشوں کے باعث ریڈ رین اسٹورم الرٹ بھی جاری کیا گیا، جس کے تحت گوانگ ڈونگ، فوجیان، جیانگ شی، ہونان اور تائیوان میں پیر کی صبح تک غیر معمولی بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
حکام نے شہریوں کو پہاڑی علاقوں، دریا کے کناروں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات والے مقامات سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے، کیونکہ طوفان کے اندرونِ ملک داخل ہونے کے بعد مزید شدید بارشیں متوقع ہیں۔
طوفان کے باعث گوانگ ڈونگ بھر میں تمام ہائی اسپیڈ اور ریلوے سروسز عارضی طور پر معطل کردی گئی ہیں، جبکہ شین ژین اور فوجیان کے شہر شیامن کے ہوائی اڈوں پر بھی فضائی آپریشن شدید متاثر ہوا۔
فلائٹ ڈیٹا کے مطابق اتوار دوپہر تک شین ژین باؤآن انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہونے والی 418 اور آنے والی 342 پروازیں منسوخ کردی گئیں، جبکہ شیامن ایئرپورٹ پر بھی کم از کم 35 پروازیں منسوخ اور متعدد تاخیر کا شکار رہیں۔
اسپین اور پرتگال میں طوفان لیو کے پیش نظر ہنگامی اقدامات، تعلیمی ادارے بند
طوفان نول کے ساتھ چلنے والی ہواؤں کی رفتار 162 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی، جو دو ہفتے قبل چین سے ٹکرانے والے طوفان باوی سے بھی زیادہ ہے۔ اسی دوران ہانگ کانگ، ژوہائی اور مکاؤ کو ملانے والا معروف سمندری پل بھی احتیاطی طور پر ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
چینی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ نول کے گزشتہ طوفانوں کے مقابلے میں زیادہ اندرونِ ملک تک پہنچنے کا امکان ہے، جس کے باعث اس کے اثرات زیادہ دیر تک برقرار رہ سکتے ہیں۔ حکام نے مقامی انتظامیہ کو ممکنہ سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
