جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی ایک چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق 25 جولائی کو بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے چیک پوسٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جوابی کارروائی میں دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی سمیت خودکش حملہ آور کو چیک پوسٹ کی حدود سے باہر ہی تباہ کر دیا گیا، جبکہ مجموعی طور پر چار دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ بیان میں کہا گیا کہ دہشت گرد چیک پوسٹ کی سیکیورٹی توڑنے میں ناکام رہے اور حملے سے چیک پوسٹ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
سیکیورٹی اہلکاروں نے جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید تین دہشت گردوں کو ایک قریبی عمارت میں محصور کر دیا، جنہیں بعد ازاں کلیرنس آپریشن کے دوران ہلاک کر دیا گیا۔ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ علاقے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دیگر خوارج دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سرچ اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ “عزمِ استحکام” کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری شدت سے جاری رہے گی اور غیر ملکی سرپرستی و معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدر مملکت نے سیکیورٹی فورسز کی بروقت، بہادرانہ اور پیشہ ورانہ کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورسز نے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو مؤثر کارروائی کے ذریعے ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف پوری قوت سے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور دہشت گردوں سمیت ان کے سہولت کاروں کو ہر صورت شکست دی جائے گی۔
مستونگ میں فورسز کا آپریش العزم جاری، ہلاک دہشتگردوں کی تعداد 13 ہو گئی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی جنوبی وزیرستان میں حملہ ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بہادر اہلکاروں نے خودکش بمبار سمیت چار دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پوری قوم کو پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں پر فخر ہے، جو غیر متزلزل عزم کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف برسرپیکار ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وطن عزیز سے فتنہ الہندوستان کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔
