پشاور میں میٹرک سپلیمنٹری امتحانات دوم 2026 کے 7 سے 10 اکتوبر تک ہونے والے پرچے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے باعث ملتوی کر دیئے گئے۔
پشاور تعلیمی بورڈ کے ترجمان کے مطابق اورینٹل لینگویجز امتحانات 2026 کے تحت 7، 8، 9 اور 10 اکتوبر کو ہونے والے تمام پرچے صوبے میں موجودہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔ ملتوی کیے گئے پرچوں کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
پشاور بورڈ کے کنٹرولر امتحانات کے مطابق 10 اکتوبر کے بعد شیڈول پرچے اپنے مقررہ وقت اور پہلے سے جاری کردہ ڈیٹ شیٹ کے مطابق ہی ہوں گے، ان میں فی الحال کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
کنٹرولر پشاور بورڈ کے مطابق امیدوار میٹرک کے سالانہ امتحانات دوم کی نئی ڈیٹ شیٹ پشاور بورڈ کی ویب سائٹ پر چیک کر سکیں گے۔
امیدواروں کو پشاور بورڈ سے رجوع کرنے کی ہدایت
بورڈ انتظامیہ نے امیدواروں سے کہا ہے کہ وہ نئی ڈیٹ شیٹ کے اجرا تک ملتوی شدہ پرچوں سے متعلق کسی بھی غیر مصدقہ اطلاع پر انحصار نہ کریں اور امتحانات کی نئی تاریخوں کے حوالے سے صرف پشاور بورڈ کے سرکاری ذرائع سے رجوع کریں۔
واضح رہے ہفتے کی رات کو حکومت اور اپوزیشن کے درمیان لگ بھگ 10 گھنٹے تک جاری رہنے والے مذاکرات کسی نتیجے کے بغیر ختم ہوئے تھے، حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کسی مسودے پر اتفاق نہیں ہو سکا تھا۔ جس پر 4 اکتوبر کو پاکستان تحریک انصاف نے لکی مروت سے لانگ مارچ شروع کیا۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی قیادت میں لکی مروت سے شروع ہونے والا لانگ مارچ کرک سے ہوتا ہوا کوہاٹ پہنچ گیا ہے، شیڈول کے مطابق لانگ مارچ آج پشاور روانہ ہو گا۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کو روکنے اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے اس وقت تقریباً 30 ہزار پولیس اہلکار اسلام آباد، راولپنڈی اور اٹک میں تعینات ہیں جبکہ بڑی تعداد میں کنٹینرز بھی سڑکوں پر رکھے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ تین روز قبل وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں رینجرزکی تعیناتی میں 15 اکتوبرتک توسیع کی ہے، اس سے قبل 3 ہزار رینجرز اہلکاروں کو 5 اکتوبر تک اسلام آباد میں تعینات کیا گیا تھا۔


