پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز نے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا۔
راولپنڈی بورڈ کے نتائج کے مطابق امتحان میں مجموعی طور پر 61 ہزار 409 امیدوار شریک ہوئے جن میں سے 36 ہزار 896 کامیاب قرار پائے۔ مجموعی کامیابی کا تناسب تقریباً 60.08 فیصد رہا، جبکہ طالبات کی کامیابی کی شرح 67.56 فیصد اور طلبہ کی 46.52 فیصد رہی۔
راولپنڈی بورڈ کے نتائج کے مطابق طالبات نے ایک بار پھر نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے طلبہ پر سبقت حاصل کر لی۔
راولپنڈی بورڈ میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن لڑکیوں کے نام
راولپنڈی بورڈ میں طالبہ عطفہ جاوید 1156 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہیں، نور فاطمہ ساجد 1151 نمبر کے ساتھ دوسری جبکہ تیسری پوزیشن نبیحہ ایمان اور منیب شاہ نے مشترکہ طور پر 1142 نمبر لے کر حاصل کی۔
لاہور بورڈ کے انٹرمیڈیٹ امتحانات میں مجموعی کامیابی کا تناسب 64.98 فیصد رہا، امتحان میں ایک لاکھ 89 ہزار 373 امیدواروں نے حصہ لیا ،ریگولر امیدواروں کی کامیابی کا تناسب 71.67 فیصد جبکہ پرائیویٹ امیدواروں کی کامیابی کا تناسب 44.83 فیصد رہا۔
لاہور بورڈ کے نتائج میں طالبات کی کامیابی کا تناسب 73.74 فیصد اور طلبہ کی کامیابی کا تناسب 51.54 فیصد رہا۔ امیدوار نتائج کی ری چیکنگ کیلئے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔
تعلیمی بورڈ ملتان نے بھی انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان کے نتائج کا اعلان کر دیا، امتحان میں 79 ہزار 796 امیدواروں نے حصہ لیا ،کامیابی کا مجموعی تناسب 67.03 فیصد رہا ،53 ہزار 489 طلبہ و طالبات کامیاب ہوئے۔
ملتان بورڈ میں لڑکے بازی لے گئے
ملتان بورڈ میں علی بن عبداللہ نے 1163 نمبر لے کر پہلی، فاخرہ ظفر نے 1162 نمبر کیساتھ دوسری اور دانیا صابر، دعا فاطمہ اور فیضان شوکت نے 1161 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کر لی۔
سرگودھا بورڈ کے زیر اہتمام انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان میں کامیابی کا مجموعی تناسب 69.19 فیصد رہا، امتحان میں 55 ہزار 34 امیدواروں شریک ہوئے ، جن میں 38 ہزار 76 کامیاب اور 16 ہزار 958 فیل ہوئے۔
اس کے علاوہ بھکر میں انٹرمیڈیٹ امتحان میں کامیابی کا تناسب 64.92 فیصد ، خوشاب میں 68.35 فیصد اور میانوالی میں کامیابی کا تناسب 65.69 فیصد رہا۔
لودھراں تعلیمی بورڈ کے مطابق انٹرمیڈیٹ امتحان میں کامیابی کا تناسب 67.11 فیصد ، خانیوال میں 67.90 فیصد جبکہ وہاڑی میں کامیابی کا تناسب 66.24 فیصد رہا۔



