محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف شہروں میں تیز بارش کی پیشگوئی کردی اس دوران متعدد علاقوں میں ژالہ باری بھی ہونے کا امکان ہے ۔
رپورٹ کے مطابق اٹک، ٹیکسلا، مری اور گلیات میں تیز بارش کا امکان ہے اس کے علاوہ پشاورمیں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید تیز بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، دیر، باجوڑ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ اور سوات میں بھی بارش کا امکان ہے ۔
کوہستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے اس کے علاوہ کرم، کوہاٹ، بنوں اور لکی مروت میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے تیز ہواؤں اور بارش کے باعث کمزور انفراسٹرکچر، کچے مکانات اور بجلی کے کھمبوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔
کہاں کہاں بادل برسے؟
خیبر پختونخوا کے شہر نوشہرہ میں موسلادھار بارش اور مختلف مقامات پر ژالہ باری ہوئی جس سے فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچا اس کے علاوہ ندی نالوں میں طغیانی آگئی اور سڑکوں پرپانی جمع ہوگیا۔
لوئردیر اور گردونواح کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔ ملاکنڈ کی تحصیل درگئی اور دیگر مختلف علاقوں میں شدید ژالہ باری سے کئی مقامات پر کھڑی گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔
پشاور شہر میں وقفے وقفے سے بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران تیز بارش کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔
لنڈی کوتل اور جمرود میں بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی اس کے علاوہ پاک افغان شاہراہ ٹریفک کیلئے بند ہوگئی ۔کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمنٹنے کیلئے انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں حساس مقامات پر موجود ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، انتظامیہ کی جانب سے متعلقہ محکموں کو الرٹ کردیا گیا۔
اسلام آباد ایکسپریس وے پر بارش کے باعث ٹریفک متاثرہوئی۔ کھنہ پل سے فیض آباد انٹرچینج تک گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔



