محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں کل سے گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے کے بیشتر اضلاع میں 6 سے 7 اکتوبر تک بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اورراولپنڈی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے جبکہ گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا اور ملحقہ علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
بارشوں کے نئے سلسلے کے باعث مختلف علاقوں میں موسم کے درجہ حرارت میں بھی کمی کا امکان ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کی پیشگوئی
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق 6 اور 7 اکتوبر کو صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔ بارشوں کے پیش نظر صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے 6 سے 7 اکتوبر کے درمیان بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کی پیش نظر تمام محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت#PDMAPunjab #Monsoon #RescueOperation #pdma #ndma #pdmapunjab #govtofpunjab #govtofpakistan https://t.co/JxVKTCqPIv
— PDMA Punjab Official (@PdmapunjabO) October 5, 2026
پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیرآباد میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اسی طرح لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، میانوالی، خوشاب، جھنگ اور فیصل آباد میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ موسم کی صورتحال پر کڑی نظر رکھی جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری انتظامات مکمل رکھے جائیں۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی بارش کا امکان
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی بارش کا امکان ہے۔
جڑواں شہروں میں بارش کے باعث بعض مقامات پر سڑکوں پر پانی جمع ہونے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا اور ان کے ملحقہ علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع بھی متاثر ہونے کا امکان
خیبرپختونخوا میں بھی آج رات سے 7 اکتوبر تک بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع میں بارش متوقع ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں موسم زیادہ متاثر ہونے کا امکان ہے۔
⚠️ موسمی الرٹ
صوبہ کے مختلف اضلاع میں 5 اکتوبر کی رات سے 7 اکتوبر تک بارش، آندھی، گرج چمک اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان۔ پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اضلاع اور اداروں کو الرٹ جاری کر دیا۔عوام اور سیاح احتیاط کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
#PDMAKP #WeatherAlert https://t.co/EejX2HVtzT
— PDMAKP OFFICIAL (@PDMAKP) October 5, 2026
پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش کا امکان ہے۔
متعلقہ اداروں کو موسم کی صورتحال کے پیش نظر الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے شہریوں کو بھی محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفرسے گریز کیا جائے۔
بجلی کے کھمبوں اور کمزور درختوں کے قریب جانے سے احتیاط کی جائے جبکہ شہری موسمی صورتحال سے متعلق انتظامیہ کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کریں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کے اس سلسلے کے دوران گرج چمک اورتیز ہواؤں کا بھی امکان ہے، اس لیے شہریوں کو احتیاطی تدابیراختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔



