جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ ہم اپنا آئینی حق استعمال کر رہے ہیں اور سرگودھا میں جلسہ کر کے دکھائیں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا غفور حیدری نے کہا کہ ہمارا آئین ہر شہری کو حق دیتا ہے کہ وہ اپنے مسائل کے لیے احتجاج کر سکتا ہے اور اس حق کو ہم استعمال کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سرگودھا میں جلسے سے قبل ہی پارٹی کے ضلعی امیر کے اکاؤنٹ بند کرا دیے ہیں جب کہ ان کی فیکٹری اور دکانیں تک بند کرادی گئی ہیں۔ انہوں نے صوبائی و وفاقی حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ سرگردھا میں جلسہ کر کے دکھائیں گے اور بتائیں گے کہ یہ ہمارا آئینی اور قانونی حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے قصور میں جلسہ کیا، سرگودھا میں جلسہ کیا اور کراچی سمیت مختلف شہروں میں جلسے کیے لیکن ایک گملا تک نہیں ٹوٹا۔ جمعیت علمائے اسلام ایک پرامن جماعت ہے، احتجاج ہمارا آئینی حق ہے لیکن حکومت ہمیں اشتعال دلانا چاہتی ہے۔
مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ ہمارے کارکنوں کو گرفتار کیا گیا اور ان کے خلاف ایف آئی آر کی گئی، صوبائی و وفاقی حکومت کو بتانا چاہتا ہوں کہ سرگودھا میں جلسہ کر کے دکھائیں گے، ہم ان کی حرکتوں سے اشتعال میں نہیں آ رہے ہیں، انہوں نے ہمیں اشتعال دلانے کی بہت کوششیں کیں تاہم ہمارے کارکن اب تک صبر کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
عبدالغفور حیدری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان صرف میرے قائد نہیں، وہ سالار قافلہ حریت ہیں، اُن پر ماضی میں تین جان لیوا خود کش حملے ہو چکے ہیں، مولانا کو سکیورٹی کی ضرورت ہمیشہ اور ہمہ وقت رہتی ہے۔
یاد رہے کہ جمعیت علماء اسلام (ف) نے حکومت کی جانب سے پارٹی سربراہ مولانا فضل الرحمان کی ’تمام سکیورٹی‘ واپس لیے جانے اور ان کی رہائش گاہ کی ’ناکہ بندی‘ کا دعویٰ کرتے ہوئے ’کارکنوں کو تیار رہنے کا پیغام‘ جاری کیا ہے۔
جے یو آئی (ف) کے رہنما نے کہا کہ سکیورٹی اداروں کے لوگ صبح سے مولانا فضل الرحمان کے گھر کا طواف کر رہے ہیں۔ پتا نہیں مسلم لیگ (ن) کیوں خوف زدہ ہے، اس کو کیا مشکل پیش آئی ہے کہ جمہوریت کا دعویٰ کرتے، آئین کی بات کرتے اور ووٹ کے تقدس کی بات کرتے ہوئے نہیں تھکتی۔
جے یو آئی (ف) کے رہنما نے کہا کہ سوال کیا کہ وزیرِ داخلہ وزیراعظم کے مشورے کے بغیر کیا مولانا فضل الرحمان کی سکیورٹی واپس لے سکتے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام ایک سیاسی جماعت ہے، یہ ایک تحریک ہے اور اس نے کئی تجربات دیکھے ہیں، مولانا صاحب کے بیانیے کو ہر جمہوریت پسند تائید کر رہا ہے، متعدد سیاسی و مذہبی جماعتوں نے ہمارے بیانیے کی حمایت کی ہے، شو پیس تو حکومت ہے۔
مولانا غفور حیدری نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ سیاسی بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بلاول نے اپنے بیان میں اتحادیوں کو آئینہ دکھایا اور انہوں نے حق سچ کی بات کی ہے۔
واضح رہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں نئے صوبوں کی بحث پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں نئے صوبے بنیں گے تو آئین و قانون کے تحت ہی بنیں گے اور کوئی ریفرنڈم آئین کا متبادل نہیں ہو سکتا۔



