محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کے روز ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم شام اور رات کے اوقات میں اسلام آباد سمیت وسطی و زیریں خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب اور خطہ پوٹھوہار میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں مجموعی طور پر موسم خشک رہنے کی توقع ہے تاہم شام اور رات کے اوقات میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر میدانی اضلاع میں دن کے دوران موسم خشک اور گرم رہے گا تاہم شام اور رات میں مری، گلیات، راولپنڈی، میانوالی، اٹک، چکوال، خوشاب، سرگودھا، بھکر، نورپورتھل، جھنگ، فیصل آباد، اوکاڑہ، قصور، لاہور، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین اور گردونواح میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چند مقامات پر تیز بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارش متوقع
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے تاہم شام اور رات کے دوران ڈی آئی خان، بنوں، وزیرستان، لکی مروت، کرک، پشاور، نوشہرہ، کرم، کوہاٹ، ہنگو اور گردونواح میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان اور سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہ سکتا ہے۔
Weekly Weather Outlook (September 26 – October 02), 2026.#PMD #weatherupdate #Rain #hotweather #Islamabad #punjab #Sindh #Balochistan #kpk #kashmir #gilgitbaltistan #StaySafe pic.twitter.com/fDxGvcUfWZ
— Pak Met Department محکمہ موسمیات (@pmdgov) September 26, 2026
کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو موسم کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور آندھی و گرج چمک کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔



