اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث واٹر اینڈ سینیٹیشن اتھارٹی (واسا) نے گریژن سٹی میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔
بارش کے بعد موسم تو خوشگوار ہوا لیکن تیز ہواؤں کی وجہ سے متعدد علاقوں میں بجلی کے فیڈر ٹرپ ہو گئے جس سے بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔
اس کے علاوہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے۔ اسلام آباد ایکسپریس وے پر ٹریفک جام ہو گئی جس کی وجہ اسکول جانے والے بچوں اور دفاتر جانے والے افراد کو مشکلات کا سامنا ہوا جبکہ سیکٹر ایف نائن کی سڑکیں بھی زیر آب آ گئیں۔
اس کے علاوہ تیز ہواؤں کی وجہ سے سیکٹر جی ایٹ میں ایک درخت بھی گر گیا۔
وقفے وقفے سے جاری بارش کے کے بعد اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے لیے اضافی عملہ تعینات کر دیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنرز سمیت متعلقہ عملہ فیلڈ میں موجود ہے اور مختلف علاقوں میں نالوں کی صورتحال کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس نے اضافی نفری بھی تعینات کی ہے۔
راولپنڈی میں واسا کی رین ایمرجنسی
راولپنڈی میں ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر واسا کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو، ویسٹ مینجمنٹ اور دیگر متعلقہ ادارے بھی الرٹ ہیں۔
منیجنگ ڈائریکٹر واسا عزیز اللہ خان کے مطابق راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کر کے تمام فیلڈ افسران کو متحرک کر دیا گیا ہے۔ نشیبی علاقوں میں واسا کا عملہ اور ہیوی مشینری تعینات ہے جبکہ ڈی واٹرنگ پمپس اور ضروری مشینری حساس مقامات پر پہنچا دی گئی ہے۔
واسا کے مطابق نالہ لئی اور بڑے نالوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ نالہ لئی میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، جبکہ کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح پانچ فٹ اور گوالمنڈی پل پر دو فٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔
واسا کے مطابق سیدپور میں 24 ملی میٹر، گولڑہ میں 12، بوکرہ میں 19، پی ایم ڈی میں 19، شمس آباد میں 18، کچہری میں 10، پیرودھائی میں 20 جبکہ نیو کٹاریاں میں چار ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
بارش کے دوران نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کے لیے واسا کی فیلڈ ٹیمیں متحرک ہیں جبکہ کنٹرول روم سے بارش اور نکاسی آب کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
ملک کے دیگر علاقوں میں بھی بارش
دوسری جانب پنجاب، خیبر پختونخوا اور ملک کے دیگر علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
چشتیاں، دنیاپور، بہاولنگر، کہروڑ پکا، جہانیاں، پاکپتن، ساہیوال، شورکوٹ، میانوالی، جھنگ، چنیوٹ، ٹبہ سلطان پور، اور بھکر اور ان کے گرد نواح کے علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔ بعض علاقوں میں بارش کے باعث بجلی کے فیڈرز بھی ٹرپ کر گئے اور بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔
اسی طرح ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے پہاڑپور میں تیز آندھی اور بارش کے بعد بجلی کی فراہمی متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں، جبکہ ہری پور اور گردونواح میں بھی تیز بارش ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے پشاور، مردان، چارسدہ، صوابی اور نوشہرہ میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ دیر، چترال، سوات اور کوہستان کے علاوہ مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر اور مالاکنڈ میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمے کے مطابق باجوڑ، مہمند، خیبر اور کرم میں آندھی اور گرج چمک جبکہ اورکزئی، ہنگو، کوہاٹ، کرک، ٹانک، لکی مروت، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بھی بارش متوقع ہے۔
ادھر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے متعلقہ اداروں کو ممکنہ صورتحال کے پیش نظر پیشگی حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔



