اسلام آباد: حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا گیا۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 88 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کر دیا گیا۔ جس کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 393 روپے 64 پیسے ہو گئی۔
اسی طرح ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپے 88 پیسے کی کمی کر دی گئی ہے۔ جس کے بعد ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 397 روپے 76 پیسے پر آ گئی۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا تعین 6 اکتوبر کے لیے کیا گیا ہے۔

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی
عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا گیا، جس کی بڑی وجوہات میں مشرق وسطیٰ سے تیل کی برآمدات میں اضافہ اور جی سیون ممالک کی جانب سے ہنگامی ذخائر سے خام تیل اور ڈیزل مارکیٹ میں لانے کا فیصلہ شامل ہے، تاہم ایران جنگ کے باعث خلیجی خطے میں تیل کی تنصیبات کو مزید نقصان پہنچنے کے خدشات کے سبب غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔
کاروباری ہفتے کے آغاز پر برینٹ خام تیل کی قیمت میں 35 سینٹ یعنی 0.34 فیصد کمی ہوئی، جس کے بعد برینٹ 101.90 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔ اسی طرح امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت 62 سینٹ یعنی 0.68 فیصد کم ہوکر 90.49 ڈالر فی بیرل پر آ گئی۔
گزشتہ ہفتے برینٹ خام تیل کی قیمت میں ہونے والا بیشتر اضافہ بھی ختم ہوگیا، جبکہ ڈبلیو ٹی آئی کی ہفتہ وار قیمت میں 1.6 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کے آخری روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا۔ جمعہ کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے10 پیسے اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 30 کا اضافہ کیا گیا تھا۔
اضافے کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 392 روپے76 پیسے اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 399 روپے64 پیسے ہو گئی تھی۔

