عالمی اور مقامی مارکیٹ میں کئی روز کی کمی کے بعد سونے کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 1200 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ، 37 ہزار، 536 روپے ہو گئی ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونا 1029 روپے مہنگا ہو گیا جسے سے 10 گرام سونے کی قیمت 3 لاکھ، 75 ہزار، 116 روپے پر پہنچ گئی۔
اس کے علاوہ فی تولہ چاندی کی قیمت 66 روپے کے اضافے کے بعد 6 ہزار 588 روپے ہو گئی ، دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 12 ڈالر کے اضافے سے 4 ہزار 150 ڈالر کا ہو گیا ہے۔
گزشتہ ہفتے سونے کا ریٹ کیا رہا؟
گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 4 ہزار 300 روپے کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔
سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ پر عالمی اور ملکی سطح پر مختلف عوامل اثرانداز ہوتے ہیں، ان عوامل میں امریکی ڈالر کی قدر میں تبدیلی، عالمی معاشی صورتحال میں غیر یقینی، جغرافیائی کشیدگی اور سرمایہ کاروں کا رجحان شامل ہے۔
عالمی سطح پر معاشی اور سیاسی غیر یقینی کے دوران سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھتے ہیں۔ ایسے حالات میں سونے کی طلب بڑھنے سے اس کی عالمی قیمت میں اضافہ ہو سکتا ہے جبکہ غیر یقینی صورتحال میں کمی قیمتوں پر دباؤ ڈال سکتی ہے۔
پاکستان میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے علاوہ روپے اور امریکی ڈالر کا شرح تبادلہ بھی مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے تعین میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔


