کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گورنر راج اور ایمرجنسی آئینی ہتھیار ہیں جنہیں ضرورت پڑنے پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے شہریوں کے لیے ایک اور منصوبے کا افتتاح کیا گیا ہے جس سے لاکھوں افراد مستفید ہوں گے۔ جبکہ کراچی میں تیزی سے کام ہو رہا ہے اور شہر کی تاریخ میں اس رفتار سے ترقیاتی کام پہلے نہیں ہوئے۔
انہوں نے کراچی اور سندھ میں پانی کی قلت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک میں پانی کی کمی ہے، تاہم کراچی کو اضافی پانی کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں جبکہ واٹر کارڈ میں بھی کراچی کو اضافی پانی فراہم کرنے کا ذکر ہے۔ سندھ کو اس کے حصے کا پانی نہیں ملتا اور کراچی سمیت سندھ بھر کو پانی کی قلت کا سامنا ہے۔
وفاقی نے وعدے پورے نہیں کیے، بلاول بھٹو کا شکوہ
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وفاق میں بیٹھے دوست کراچی پر تنقید کرتے ہیں تو شوق سے کریں، لیکن وفاق نے کراچی کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے۔ تاہم پیپلزپارٹی کراچی کی خدمت جاری رکھے گی کیونکہ کراچی ہمارا شہر ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے سکھر، حیدرآباد موٹروے اور کے فور منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وفاق نے ان معاملات پر مایوس کیا۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’شہباز اسپیڈ‘ کا نام سنا ہے، جہاں ضرورت ہے وہاں اس اسپیڈ کا مظاہرہ کیا جائے۔ وہ آج تک کے فور کے لیے شہباز اسپیڈ کا انتظار کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی منی پاکستان ہے، خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے اثرات کراچی تک پہنچتے ہیں، اس لیے دہشت گردی کے معاملے پر وفاق اور صوبوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ دہشت گردی کو سیاست کی نظر سے نہیں دیکھا جانا چاہیے اور سیاسی و دہشت گردی کے معاملات کو الگ الگ طریقے سے حل کیا جائے۔
خیبرپختونخوا کی صورتحال پر بلاول بھٹو نے کہا کہ وفاقی حکومت نے صوبے میں ایمرجنسی نافذ کرنے پر غور کیا تھا، تاہم پیپلزپارٹی نے وفاق کو سیاسی جماعتوں کے ساتھ بیٹھ کر بات چیت کا مشورہ دیا۔ پرامن احتجاج سیاسی جماعتوں کا جمہوری حق ہے اور امید ہے اسلام آباد میں جاری سیاسی مذاکرات کامیاب ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گورنر راج اور ایمرجنسی آئینی ہتھیار ہیں، ضرورت پڑنے پر آئینی اٹامک بم استعمال کیا جا سکتا ہے، تاہم کوشش ہونی چاہیے کہ معاملات کا سیاسی حل نکالا جائے۔
بلاول بھٹو نے خیبرپختونخوا حکومت سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے وفاق سے رابطہ کرے اور مارچ ختم کرے۔



