اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزاؤں کے خلاف مرکزی اپیلیں 25 نومبر کو سماعت کے لیے مقرر کر دی ہیں۔
یاد رہے کہ عدالت نے بدھ کو 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق متفرق درخواست پر سماعت کرتے ہوئے اڈیالہ جیل حکام کو حکم دیا تھا کہ بشریٰ بی بی کو جیل میں ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کے سیل کی صفائی ستھرائی کا خصوصی خیال رکھا جائے۔ عدالت نے کیس کی سماعت 7 روز کے لیے ملتوی کر دی تھی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے کیس کی نئی سماعت کی کاز لسٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویژن بینچ آئندہ ہفتے بدھ کو اپیلوں کی سماعت کرے گا۔
گزشتہ سماعت پر عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے تیاری کے لیے 2 ہفتے کی مہلت مانگی تھی تاہم عدالت نے ایک کیس کی تیاری کے لیے ایک ہفتے کا وقت دیا تھا۔
واضح رہے کہ بشریٰ بی بی نے آنکھوں کی خرابی اور بینائی متاثر ہونے کے خدشے کے پیش نظر مکمل میڈیکل ریکارڈ کے حصول اور فوری طبی علاج کے لیے 7 نومبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔
ان کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت میں ایک حلف نامہ بھی جمع کرایا تھا جس میں بشریٰ بی بی کی بینائی متاثر ہونے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس (القادر ٹرسٹ کیس) سعودی ولی عہد کی جانب سے مئی 2021 میں عمران خان کو تحفے میں دیے گئے قیمتی زیورات کے سیٹ کی خریداری سے متعلق ہے۔
جنوری 2025 میں احتساب عدالت نے اس کیس میں عمران خان کو 14 سال جبکہ بشریٰ بی بی کو 7 سال قید کی سزا سنائی تھی جبکہ دسمبر 2025 میں توشہ خانہ ٹو کیس میں بھی بشریٰ بی بی کو 17 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔


