وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی دارالحکومت ریاض کے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ میں حوثی باغیوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری انفراسٹرکچر اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے۔
واضح رہے کہ جمعرات کو یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی دارالحکومت ریاض کے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ میں واقع پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (پی آئی ایف) ٹاور کو میزائل حملے میں نشانہ بنایا تھا جس سے عمارت کی 7 سے 8 منزلوں کی کھڑکیاں ٹوٹ گئی تھیں اور قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا تھا۔ تاہم اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔
کنگ عبداللہ فنانشنل ڈسٹرکٹ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حوثی حملے علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب اور اس کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے حق کی مکمل حمایت کرتا ہے اور سعودی عرب کے شہریوں اور وہاں مقیم افراد کے تحفظ کے حق کو بھی تسلیم کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز دفتر خارجہ نے بھی ریاض کے مالیاتی ضلع پر حوثی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے سعودی عرب کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا تھا۔
🔊 PR No. 3️⃣4️⃣2️⃣/2️⃣0️⃣2️⃣6️⃣
Pakistan Condemns Houthi Attack on King Abdullah Financial District in Riyadh
🔗⬇️ https://t.co/8otIXhyWn0
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) November 20, 2026
دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ شہری انفراسٹرکچر اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانے سے بے گناہ افراد کی زندگیاں خطرے میں پڑتی ہیں اور علاقائی امن و سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہوتے ہیں۔
خیال رہے کہ سعودی عرب اور یمن کے حوثی باغیوں کے درمیان حالیہ دنوں میں کشیدگی شدت اختیار کر گئی ہے۔ 8 نومبر کو ریاض میں سعودی تیل کمپنی آرامکو کی ملکیت ایک عمارت بھی حوثی حملے میں متاثر ہوئی تھی جس کے بعد سعودی اتحاد نے یمن میں حوثیوں کے ٹھکانوں اور میزائل و ڈرون تنصیبات کے خلاف کارروائیاں کیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق حوثی باغیوں نے ریاض پر آج بھی حملے کیے ہیں جبکہ سعودی اتحاد نے ریاض کی جانب داغے گئے 3 بیلسٹک میزائل فضا میں تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔



