ترکیہ کے وزیرِ توانائی و قدرتی وسائل الپ ارسلان بائراکتر نے اعلان کیا ہے کہ ترکیہ سندھ اور مکران کے سمندری علاقوں میں تیل و گیس کے ممکنہ ذخائر کی تلاش کے لیے تقریباً دو ماہ تک تھری ڈی سیسمک سروے کرے گا۔
ترک وزیرِ نے جمعے کو وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران کہا کہ ترک تحقیقی بحری جہاز ’اورچ رئیس‘ کی پاکستان آمد سے پاکستان اور ترکیہ کے مابین توانائی کے شعبے میں تعاون ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے۔ ان کے بقول، ترکیہ اپنی تکنیکی مہارت، سائنسی تجربے اور انجینئرنگ صلاحیتوں کو پاکستان کے ساتھ بانٹنےکے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحقیقی جہاز اورچ رئیس سندھ اور مکران کے سمندری علاقوں تھری ڈی سیسمک سروے کرے گا جس کا مقصد تیل و گیس کے ممکنہ ذخائر کی تلاش ہے۔
ترک وزیرِ کے مطابق منصوبے کے تحت حاصل ہونے والے سائنسی اعداد و شمار مستقبل میں تیل و گیس کی تلاش اور ڈرلنگ کے امکانات کا تعین کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔
اس موقع پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے برادر ملک ترکیہ کے ساتھ تاریخی تعلقات، دیرینہ دوستی، باہمی اعتماد، اخوت اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔ ترک تحقیقی بحری جہاز اورچ رئیس کی پاکستان آمد اور آف شور تیل و گیس کی تلاش کے منصوبے میں بھرپور تعاون پر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے مشکور ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کا ترکیہ کے وزیر توانائی و قدرتی وسائل الپ ارسلان بائراکتر (Alparslan Bayraktar) اور ترک وفد کے اعزاز میں عشائیہ.
گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان کے برادر ملک ترکیہ کے ساتھ تاریخی تعلقات دیرینہ دوستی، باہمی اعتماد، اخوت اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں. ترک تحقیقی بحری جہاز اورچ رئیس (Oruc Reis) کی پاکستان آمد اور آف شور تیل و گیس کی تلاش کے منصوبے میں بھرپور تعاون پر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے مشکور ہیں. پاکستان اور ترکیہ کے مابین توانائی کے شعبے میں بڑھتے ہوئے تعاون کا خیر مقدم کرتے ہیں.
وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ ترکیہ کے تجربے اور تکنیکی مہارت سے استفادہ کرتے ہوئے توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں. آف شور تیل و گیس کی تلاش کے علاوہ معدنیات اور قابلِ تجدید توانائی کے شعبوں میں بھی دوطرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں. پاکستان کی سمندری حدود میں تیل و گیس کے ممکنہ ذخائر کی تلاش ملکی توانائی کے تحفظ اور معاشی ترقی کے لیے اہم پیش رفت ہے.
ترک وزیر توانائی، الپ ارسلان بائراکتر نے انکے اور وفد کا پاکستان میں پرتپاک استقبال اور مثالی مہمان نوازی پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ترک تحقیقی بحری جہاز اورچ رئیس (Oruc Reis) کی پاکستان آمد سے پاکستان اور ترکیہ کے مابین توانائی کے شعبے میں تعاون ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے. ترکیہ اپنی تکنیکی مہارت، سائنسی تجربے اور انجینئرنگ صلاحیتوں کو پاکستان کے ساتھ بروئے کار لانے کے لیے پرعزم ہے. ترک تحقیقی جہاز اورچ رئیس سندھ اور مکران کے سمندری علاقوں میں تیل و گیس کے ممکنہ ذخائر کی تلاش کے لیے تقریباً دو ماہ تک تھری ڈی سیسمک سروے کرے گا. منصوبے کے تحت حاصل ہونے والے سائنسی اعداد و شمار مستقبل میں تیل و گیس کی تلاش اور ڈرلنگ کے امکانات کا تعین کرنے میں معاون ثابت ہوں گے.
ترکیہ کے وفد میں ترک پارلیمنٹ کے ممبر اور پاکستان-ترکیہ دوستی گروپ کے صدر علی شاہین، ترکیہ کے پاکستان میں سفیر عرفان نذیر اوولو اور ترکیہ کے وزارت توانائی کے اعلیٰ حکام شامل تھے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء جنید انور چوھدری، عطاء اللہ تارڑ، علی پرویز ملک اور سردار اویس احمد خان لغاری، مشیر وزیر اعظم محمد علی، اور معاونین خصوصی طارق فاطمی اور لیفٹینٹ جنرل (ریٹائرڈ) محمد ظفر اقبال بھی عشائیے میں موجود تھے۔
— Prime Minister’s Office (@PakPMO) November 20, 2026
واضح رہے کہ پاکستانی سمندری حدود میں تیل و گیس کی تلاش کی ایک کوشش2019 میں سابق وزیرِاعظم عمران خان کے دورِ حکومت میں بھی کی گئی تھی، جسے کیکڑا-1 منصوبے کے نام سے جانا جاتا ہے۔
اس منصوبے سے توقع کی جا رہی تھی کہ پاکستان کے سمندری علاقے میں تیل اور گیس کے بڑے ذخائر دریافت ہو سکتے ہیں، لیکن ڈرلنگ کے بعد تجارتی بنیادوں پر قابلِ استعمال ذخائر نہیں مل سکے۔ اس منصوبے میں امریکی کمپنی ایگزون موبل سمیت کئی بڑی کمپنیاں شامل تھیں۔
تاہم اس بار ترک کمپنی آئندہ برس کے اوائل میں سندھ اور مکران کے سمندری علاقوں میں تیل و گیس کی تلاش کے لیے سروے کرے گی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ترکیہ کے تجربے اور تکنیکی مہارت سے استفادہ کرتے ہوئے توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔
وزیرِ اعظم نے پاکستان اور ترکیہ کے مابین توانائی کے شعبے میں بڑھتے ہوئے تعاون کا خیر مقدم کیا ہے۔
وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ آف شور تیل و گیس کی تلاش کے علاوہ معدنیات اور قابلِ تجدید توانائی کے شعبوں میں بھی دوطرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں، پاکستان کی سمندری حدود میں تیل و گیس کے ممکنہ ذخائر کی تلاش ملکی توانائی کے تحفظ اور معاشی ترقی کے لیے اہم پیش رفت ہے۔


