وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ وفاقی اداروں میں بدعنوانی کے امکانات اور انتظامی کمزوریوں کی نشاندہی کے لیے جامع جائزہ مکمل کر لیا گیا جس کے بعد حکومت نے اصلاحاتی رپورٹ جاری کر دی ہے جس کا مقصد سرکاری اداروں میں شفافیت، میرٹ اور بہتر طرز حکمرانی کو یقینی بنانا ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ ،وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور وزیر مملکت خزانہ و محصولات بلال اظہر کیانی نے پریس کانفرنس کی۔
حکومت کی جانب سے مرتب کردہ نیشنل رسک اسیسمنٹ آف کرپشن ولنریبلٹیز کا بنیادی مقصد یہ معلوم کرنا ہے کہ وفاقی اداروں میں کن انتظامی، مالیاتی اور قانونی خامیوں کے باعث بدعنوانی کے امکانات پیدا ہوتے ہیں۔
اعظم نذیر تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد اصلاحاتی رپورٹ عوام کے سامنے پیش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت قانون و انصاف نے مختلف سرکاری اداروں کے تعاون سے نیشنل رسک اسیسمنٹ آف کرپشن ولنریبلٹیز کے تحت یہ رپورٹ تیار کی ہے، جس میں بدعنوانی کے امکانات، انتظامی خامیوں اور ادارہ جاتی کمزوریوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔
ان کے مطابق اس رپورٹ میں بدعنوانی کی روک تھام کے لیے مختلف اصلاحات تجویز کی گئی ہیں اور ان پر پیش رفت سے وقتاً فوقتاً عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ جائزے میں ایف بی آر، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، پاکستان ریلوے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی سمیت متعدد وفاقی اداروں کو شامل کیا گیا۔سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے مالیاتی اور انتظامی معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کمزوریوں کی نشاندہی کے لیے خود احتسابی پر یقین رکھتی ہے اور اصلاحات کا مقصد کسی کو نشانہ بنانا نہیں بلکہ اداروں کی کارکردگی بہتر بنانا ہے۔
پاک پی ڈبلیو ڈی اور پاسکو سے متعلق اقدامات
وزیر قانون نے بتایا کہ پاک پی ڈبلیو ڈی کو بند کیا گیا ہے اور اس کے ملازمین کے لیے پیکج مرتب کیا گیا ہے جبکہ پاسکو کی بندش کا عمل جاری ہے اور اس کے متبادل انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی نجکاری کے بعد بھی مثبت تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں گی۔اعظم نذیر تارڑ کے مطابق وفاقی بورڈ آف ریونیو میں بھی اصلاحات کی گئی ہیں، فیس لیس سسٹم متعارف کرایا گیا ہے جسے تاجروں نے سراہا ہے، جبکہ آڈٹ کے نظام کو ڈیجیٹائز کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں حکومتیں ٹیکس محصولات سے چلتی ہیں، قرضوں پر نہیں، اس لیے محصولات میں اضافہ اور ٹیکس نظام کی بہتری ناگزیر ہے۔
وزیر قانون نے بتایا کہ وزیراعظم ہر ہفتے ایف بی آر کی کارکردگی کے حوالے سے اجلاس کرتے ہیں اور میرٹ پر تقرریاں اور ڈیجیٹائزیشن حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ٹیکس ٹریبونلز کی کارکردگی بہتر ہوئی ہے اور بدعنوانی سے متعلق شکایات میں کمی آئی ہے۔ ان کے مطابق ٹیکس ٹریبونلز میں تقرریاں چیف جسٹس، فیڈرل پبلک سروس کمیشن اور مالیاتی ماہرین کی مشاورت سے کی گئی ہیں۔
نوجوانوں، کاروبار اور کم آمدن طبقے کے لیے اقدامات
وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ نوجوانوں اور چھوٹے کاروباروں کے لیے 3,200 ارب روپے کا مالیاتی پیکج متعارف کرایا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان ڈیجیٹل نیشن ایکٹ کے تحت ڈیجیٹل اتھارٹی قائم کی گئی ہے، جبکہ کم آمدن اور متوسط طبقے کے لیے 5 لاکھ گھروں کی تعمیر کا پروگرام بھی شروع کیا گیا ہے۔
اعظم نذیر تارڑ کے مطابق وزیراعظم نے گھروں کی فراہمی کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں اور پاور پراجیکٹس کے معاملات پر بھی غور کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ حکومت نے ایسے اقدامات بھی کیے ہیں جن کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ اصلاحات کی ضرورت محسوس ہوئی، اس لیے اقدامات کیے گئے، یہ کسی فرد یا ادارے کے خلاف نہیں بلکہ نظام کی بہتری کے لیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے گڈ گورننس بہتر بنانے کے لیے متعدد اعلانات کیے تھے اور اب ان پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ حکومت نے پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے کئی مثبت اقدامات تیز کیے ہیں۔
وزیراعظم نے ہمیشہ خود احتسابی اور شفافیت کو بنیادی اہمیت دی، عطا اللہ تارڑ
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ہمیشہ خود احتسابی اور شفافیت کو بنیادی اہمیت دی ہے، حکومت تمام شعبوں میں شفافیت اور ڈیجیٹائزیشن کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔
وزیر اطلاعات کے مطابق وزیراعظم کی خصوصی ہدایات پر رسک اسیسمنٹ رپورٹ مرتب کی گئی ہے، جس کی روشنی میں سرکاری اداروں کی کارکردگی اور انتظامی ڈھانچے کا جائزہ لیا گیا۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وفاقی حکومت کے بعض اداروں میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی موجود تھی، جس کے باعث غیر ضروری اداروں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پاک پی ڈبلیو ڈی، پاسکو اور یوٹیلٹی اسٹورز کی بندش کو حکومتی اصلاحات اور شفافیت کی کوششوں کی مثال قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے تمام شعبوں میں انقلابی اقدامات کیے ہیں اور گزشتہ اڑھائی سال کے دوران جو اقدامات اٹھائے گئے، ان کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومتی رسک اسیسمنٹ رپورٹ خود احتسابی کے حکومتی عزم کی عکاس ہے جبکہ شہریوں کو سہولیات کی فراہمی اور نظام میں بہتری کے لیے بھی اس رپورٹ میں اہم اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ مشکل ترین عالمی حالات میں دنیا بھر میں پٹرول پمپس پر ایندھن کے حصول کے لیے طویل قطاریں لگی ہوئی تھیں تاہم پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی کا کوئی مسئلہ پیش نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے بروقت اقدامات اور انتظامات کیے، جس کے باعث ملک میں پیٹرول پمپس پر قطاریں نہیں لگیں اور ایندھن کی فراہمی کا نظام معمول کے مطابق چلتا رہا۔
وزیر اطلاعات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے 129 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کرکے عوام پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ نہیں پڑنے دیا۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی فیول سبسڈی اسکیم بھی جاری ہے، جس کے تحت موٹر سائیکلوں اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔
عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود حکومت نے فیول سبسڈی اسکیم جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے مشکل معاشی اور عالمی حالات میں عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔
ایف بی آر میں اصلاحات کا مقصد ٹیکس نظام میں شفافیت لانا ہے، بلال اظہر کیانی
وزیر مملکت برائے خزانہ کے مشیر بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف میرٹ اور شفافیت پر یقین رکھتے ہیں، حکومت نے ٹیکس نظام میں اصلاحات کے ذریعے محصولات میں اضافے اور بدعنوانی کے امکانات کم کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ ایف بی آر میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کا بنیادی مقصد نظام میں شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ چینی، سیمنٹ، تمباکو اور مشروبات کے شعبوں میں ٹیکس اقدامات کے ذریعے سرکاری محاصل میں اضافہ ہوا ہے۔
بلال اظہر کیانی کے مطابق آڈٹ اور کسٹمز کے شعبوں میں جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جا رہا ہے تاکہ انسانی مداخلت کم اور نگرانی کا نظام مؤثر بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام شعبوں میں سرکاری ادائیگیاں ڈیجیٹل طریقے سے کی جائیں گی، جس سے مالیاتی معاملات میں شفافیت بڑھے گی اور بدعنوانی کے امکانات کم ہوں گے۔
بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ حکومتی اخراجات میں کمی کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں اور مالیاتی نظم و ضبط بہتر بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔



