قومی ادارہ صحت نے موسم سرما کی آمد کے پیشِ نظر ملک بھر کیلیے 3 ایڈوائزریز جاری کر دی ہیں۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) کے مطابق ملک میں اسموگ، موسمی فلو، خسرہ، خناق، کالی کھانسی اور تشنج کے پھیلاؤ کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔
قومی ادارہ صحت نے سانس اور دل کے امراض میں اضافے کے خدشے کے پیشِ نظر وفاقی و صوبائی محکمہ صحت کو الرٹ جاری کیے ہیں جس میں ویکسی نیشن کے خلا کو پُر کرنے کیلئے معمول اور حفاظتی ٹیکہ جات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔
این آئی ایچ نے 2 روز قبل ہی پنجاب کے مختلف اضلاع میں اسموگ کی بڑھتی ہوئی شدت کے پیش نظر الرٹ جاری کیا تھا۔
ادارے کی جانب سے جاری اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ مشتبہ کیسز کی نشاندہی، تصدیق اور معیاری نگہداشت کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔
قومی ادارہ صحت نے اسپتالوں کو بیرونی اور داخل مریضوں کے رش سے نمٹنے کیلئے طبی تیاری رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔ اس کے علاوہ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کے لیے مؤثر عوامی آگاہی مہم چلانے کی بھی سفارش کی گئی ہے ۔

