وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملک کا سسٹم ری سیٹ ہونے والا ہے جس کے بعد چیزیں بہت بہتر ہو جائیں گی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ تاجروں اور صنعتکاروں کی شکایات کے حل کے لیے فوری کوششیں کی جاتی ہیں، جہاں بھی ضرورت ہوگی وہ 24 گھنٹے حاضر ہوں گے۔
لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نومنتخب عہدیداران کے اعزاز میں عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ ملک کی معاشی بہتری کا حل یہی ہے کہ کسی نہ کسی طریقے سے برآمدات میں اضافہ کیا جائے۔
’جو لوگ ایران نہیں گئے ان کا خیال تھا کہ ایران تباہ حال ملک ہو گا‘
انہوں نے ایران کے اپنے حالیہ دوروں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تین، چار ماہ کے دوران ایران کے کافی دورے کیے ہیں۔ جو لوگ ایران نہیں گئے، ان کا خیال تھا کہ ایران تباہ حال ملک ہوگا، تاہم ان کے ساتھ ایران جانے والے کئی لوگ وہاں کی صورتحال دیکھ کر حیران ہوئے۔
محسن نقوی نے کہا کہ اگر ہم میڈ اِن پاکستان کی طرف چلے جائیں تو بہت سے مسائل حل ہوسکتے ہیں۔ ہمیں ہر صورت اپنی مصنوعات پر جانا ہوگا اور درآمدات کم کرنا ہوں گی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ایران میں کنسٹرکشن اور آٹو انڈسٹری سمیت ہر طرح کی صنعت موجود ہے۔ ہمیں پابندیوں کا شکار ممالک سے سیکھنا ہوگا کہ مشکل حالات میں بھی اپنی صنعت اور پیداوار کو کس طرح آگے بڑھایا جاسکتا ہے۔
’بزنس پاسپورٹ پر بھی کام کیا جا رہا ہے‘
وزیر داخلہ محسن نقوی نے بتایا کہ گزشتہ چند ماہ سے بزنس پاسپورٹ پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ہر صورت اپنی مصنوعات کی طرف جانا ہوگا اور درآمدات کم کرنا ہوں گی۔ اگر ہم میڈ اِن پاکستان کی طرف چلے جائیں تو بہت سے مسائل حل ہوسکتے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک کے نظام کو ری سیٹ کرنے کی ضرورت ہے اور اس عمل میں کاروباری برادری کو حکومت کا ساتھ دینا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کا سسٹم ری سیٹ ہونے والا ہے، سسٹم ری سیٹ ہوگا تو چیزیں بہت بہتر ہوجائیں گی۔
محسن نقوی نے تاجروں اور صنعتکاروں کو یقین دہانی کرائی کہ جہاں بھی انہیں ضرورت ہوگی، وہ ان کے لیے دستیاب ہوں گے اور ان کے مسائل کے حل کی فوری کوشش کی جائے گی۔



