وزیراعظم محمد شہباز شریف نے صومالیہ میں جاں بحق ہونے والے تین پاکستانیوں کے خاندانوں کے لیے فی خاندان ایک کروڑ 25 لاکھ روپے امداد کا اعلان کر دیا۔
وزیراعظم نے صومالیہ میں ہائی جیک کیے گئے بحری جہاز کی بازیابی کے آپریشن کے دوران جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہری سید کاشف عمر کے بیٹے اذہان کاشف سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور اہلخانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سید کاشف عمر کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔
وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ سید کاشف عمر اور دیگر دو جاں بحق پاکستانیوں کی میتیں جلد از جلد پاکستان لائی جائیں گی۔ انہوں نے وزارت خارجہ، پاکستانی سفارتخانے اور متعلقہ اداروں کو صومالی حکام اور دیگر متعلقہ فریقوں سے مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے میتوں کی منتقلی کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی۔
جاں بحق پاکستانیوں کے اہلخانہ کے لیے مالی معاونت، گھر اور مفت تعلیم کا اعلان
وزیراعظم شہباز شریف نے صومالیہ کے ساحل کے قریب بحری جہاز کی بازیابی کے آپریشن کے دوران جاں بحق ہونے والے تین پاکستانیوں سید کاشف عمر، محمود احمد انصاری اور رفیع اللہ خان کے اہلخانہ کے لیے مالی معاونت کا اعلان کیا۔
وزیراعظم کے مطابق ہر خاندان کو ایک کروڑ 25 لاکھ روپے مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے جاں بحق پاکستانیوں کے بچوں کے لیے حکومت کی جانب سے مفت تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا جبکہ ہر خاندان کو رہائش کے لیے ایک گھر بھی دیا جائے گا۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی صومالیہ میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی کاشف عمر کے بیٹے اذہان کاشف سے ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی.
وزیر اعظم نے سید کاشف عمر کے انتقال پر انکے بیٹے اذہان کاشف سے دلی تعزیت کا اظہار کیا.
وزیرِ اعظم نے کہا کہ ہم اپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ اللہ…
— Prime Minister's Office (@PakPMO) October 2, 2026
شہباز شریف نے کہا کہ سوگوار خاندانوں کو اس مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور حکومت ان کی ہر ممکن مدد اور تعاون جاری رکھے گی۔
وزیراعظم نے زخمی پاکستانیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی اور دیگر پاکستانی عملے کی محفوظ واپسی یقینی بنانے کے لیے بھی تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
صومالیہ میں زخمی چار پاکستانی اتوار کو وطن پہنچیں گے
دوسری جانب انصار برنی ٹرسٹ کے مطابق صومالیہ میں بحری قزاقوں کے حملے میں زخمی ہونے والے چار پاکستانی شہری اتوار کو وطن پہنچیں گے۔
انصار برنی ٹرسٹ کے مطابق چاروں زخمی شہری ایتھوپین ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے کراچی پہنچیں گے۔وطن واپس آنے والے زخمی پاکستانیوں میں امین بن شمس، یاسر خان، عقیل خان اور عثمان غنی شامل ہیں۔



