وزیراعظم محمد شہباز شریف نے برطانیہ کے دورے کے دوران لندن میں دنیا کے بڑے مالیاتی اداروں کے اعلیٰ حکام سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان کے معاشی اصلاحاتی ایجنڈے، معاشی استحکام، سرمایہ کاری کے سازگار ماحول اور عالمی مالیاتی شعبے کے ساتھ تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے بارکلیز، جے پی مورگن، سٹی، بلیک راک اور روتھ شیلڈ اینڈ کو کے سینئر حکام سے ملاقاتوں میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کیے اور عالمی مالیاتی اداروں کو ملک میں اپنی سرگرمیاں اور سرمایہ کاری بڑھانے کی دعوت دی۔
بارکلیز کے ہیڈ آف پرائیویٹ بینک اینڈ ویلتھ مینجمنٹ یو کے محمد کمال سید سے ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان میں بارکلیز کی دلچسپی کا خیرمقدم کیا۔
شہباز شریف نے انہیں حکومت کی جانب سے معاشی استحکام کے لیے کیے گئے اقدامات اور اصلاحاتی ایجنڈے سے آگاہ کیا اور بارکلیز کو پاکستان کے مالیاتی شعبے اور کاروباری مواقع میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
’جے پی مورگن کے ساتھ کیپٹل مارکیٹس پر گفتگو‘
جے پی مورگن کے شریک چیف ایگزیکٹو میتھیو ولٹز کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد سے ملاقات میں سرمایہ مارکیٹس، تجارتی فنانسنگ اور انویسٹمنٹ بینکنگ کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم نے جے پی مورگن کو پاکستان میں اپنی سرگرمیوں اور موجودگی کو مزید وسعت دینے کی دعوت دی۔
اس موقع پر جے پی مورگن کے وفد نے پاکستان کے خودمختار قرضہ جات، کیپٹل مارکیٹس اور کارپوریٹ بینکنگ کے شعبوں میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
’وزیراعظم نے سٹی کی پاکستان میں موجودگی کو سراہا‘
سٹی کے چیف کلائنٹ آفیسر ڈیوڈ لیونگ اسٹون کی قیادت میں اعلیٰ حکام سے ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان میں بینک کی طویل عرصے سے موجودگی کو سراہا۔
انہوں نے سٹی کو پاکستان میں اپنی کارپوریٹ اور ادارہ جاتی بینکاری خدمات مزید وسعت دینے کی حوصلہ افزائی کی۔
’بلیک راک کو پاکستانی مارکیٹ میں سرمایہ کاری کی دعوت‘
بلیک راک کے ایمرجنگ مارکیٹس اینڈ فرنٹیئرز کے شریک سربراہان گورڈن فریزر اور سیم ویچ جبکہ پورٹ فولیو مینیجر و ریسرچ اینالسٹ ایملی فلیچر پر مشتمل وفد سے بھی وزیراعظم نے ملاقات کی۔
ملاقات میں وزیراعظم نے بلیک راک کو فرنٹیئر مارکیٹس کی حکمت عملی کے تحت پاکستانی ایکویٹیز اور فکسڈ انکم میں سرمایہ کاری بڑھانے کی دعوت دی۔
دونوں جانب سے سرمایہ کاروں کے اعتماد کے لیے پالیسیوں میں تسلسل کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
’شہباز شریف کی روتھ شیلڈ اینڈ کو سے جیو اکنامک ترجیحات پر بات چیت‘
روتھ شیلڈ اینڈ کو کے چیئر، جیو اسٹریٹجک ایڈوائزری لارڈ مارک سیڈول اور ہیڈ آف یو کے انویسٹمنٹ بینکنگ مجید اسحاق سے ملاقات میں پاکستان کی جیو اکنامک ترجیحات، کیپٹل مارکیٹس اور سرمایہ کاری کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif held a series of meetings today with senior executives from leading global financial institutions — Barclays, J.P. Morgan, Citi, BlackRock and Rothschild & Co — during his visit to the United Kingdom. The engagements underscored growing… pic.twitter.com/ttTmbB67X3
— Prime Minister's Office (@PakPMO) September 29, 2026
وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات میں ممکنہ مشاورتی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر بھی بات چیت ہوئی۔
’عالمی مالیاتی اداروں کا اعتماد‘
وزیراعظم کی ان ملاقاتوں کے دوران عالمی مالیاتی اداروں کے اعلیٰ حکام نے پاکستان کے معاشی اصلاحاتی عمل میں ہونے والی پیش رفت پر اعتماد کا اظہار کیا اور پاکستان کے مالیاتی شعبے کے ساتھ تعاون اور روابط مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
حکومت کے مطابق ان ملاقاتوں سے عالمی مالیاتی اداروں کی جانب سے پاکستان کے معاشی اصلاحاتی پروگرام میں بڑھتی ہوئی دلچسپی اور اعتماد کی عکاسی ہوتی ہے۔
یہ ملاقاتیں ایسے وقت میں ہوئی ہیں جب پاکستان عالمی کیپیٹل مارکیٹس میں دوبارہ اپنی رسائی بڑھانے اور بیرونی فنانسنگ کے ذرائع کو متنوع بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔
حکومت کی جانب سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو خودمختار قرض کے علاوہ براہِ راست اور پورٹ فولیو سرمایہ کاری کے مواقع کی جانب بھی متوجہ کیا جارہا ہے۔
وزیراعظم کی حالیہ لندن مصروفیات میں عالمی مالیاتی اداروں سے روابط بڑھانے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے معاشی اصلاحاتی ایجنڈے اور سرمایہ کاری کے امکانات کو عالمی سرمایہ کاروں کے سامنے اجاگر کرنا بھی شامل رہا۔
ملاقاتوں میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری و چیئرمین نجکاری کمیشن محمد علی بھی موجود تھے۔



