چین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان حالیہ ملاقات کے بعد 2 دیوہیکل پانڈے امریکا روانہ کردیے ہیں۔
واضح رہے چین کی جانب سے پانڈوں کی منتقلی کا معاہدہ پہلے ہی طے پاچکا تھا تاہم ان کی امریکا روانگی کا اعلان چینی صدر شی جن پنگ کے واشنگٹن دورے کے دوران کیا گیا۔
دونوں پانڈوں کو چین کے شہر چینگ دو کے شوآنگ لیو انٹرنیشنل ایئرپورٹ (Chengdu Shuangliu International Airport)سے امریکا روانہ کیا گیا۔
چینی سرکاری خبر رساں ادارے ژنہوا(Xinhua) کے مطابق پانڈے پنگ پنگ اور فو شوانگ اتوار کی صبح تقریباً 3 بجے چارٹرڈ پرواز کے ذریعے امریکا کیلئے روانہ ہوئے۔
پانڈوں کو امریکا کی ریاست جارجیا کے شہر اٹلانٹا کے چڑیا گھر لے جایا جارہا ہے جہاں دونوں آئندہ 10 سال گزاریں گے۔
چینی سرکاری میڈیا گلوبل ٹائمز کے مطابق تقریباً 15 گھنٹے کی پرواز کے دوران پانڈوں کی خوراک کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔ سفر کے دوران انہیں بھاپ میں پکے ہوئے مکئی کے بن، بانس کی کونپلیں اور گاجریں فراہم کرنے کیلئے تیار رکھی گئی ہیں۔
🐼✈️ Atlanta-bound! A pair of giant pandas, Ping Ping and Fu Shuang, departed China for the US on Sunday — with quite the in-flight menu: steamed corn buns, bamboo shoots and carrots, plus water and medicine. Two veteran US keepers and veterinary experts will accompany them on… pic.twitter.com/w077HP9uR1
— Global Times (@globaltimesnews) September 27, 2026
پانڈوں کو لے جانے والی بوئنگ 777 طیارہ فیڈ ایکس کی جانب سے چلایا جارہا ہے۔ پرواز کے دوران جب طیارہ الاسکا کے قریب پہنچا تو ہوا بازی سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے پلیٹ فارم فلائٹ ریڈار 24 پر یہ سب سے زیادہ ٹریک کیا جانے والا طیارہ بن گیا۔
پانڈوں کی امریکا روانگی سے قبل چینگ دو ریسرچ بیس آف جائنٹ پانڈا بریڈنگ کی جانب سے ان کیلئے الوداعی تقریب بھی منعقد کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق امریکی فریق کی جانب سے تجربہ کار نگہداشت کار بھی دونوں پانڈوں کے ساتھ پرواز میں موجود ہیں تاکہ سفر کے دوران ان کی دیکھ بھال کی جاسکے۔
A pair of giant #pandas, Ping Ping and Fu Shuang, departed for Zoo Atlanta in the #US from Chengdu Shuangliu International Airport in southwest #China‘s Sichuan Province on a chartered flight at 2:55 a.m. Sunday, kicking off their 10-year stay at the zoo: Xinhua pic.twitter.com/SfzDy14aAb
— Global Times (@globaltimesnews) September 27, 2026
دونوں پانڈوں کی اٹلانٹا آمد کے پیش نظر زو اٹلانٹا نے اپنے پانڈا رکھنے کے انتظامات میں بھی تبدیلیاں کی ہیں اور جانوروں کی دیکھ بھال کیلئے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی ہے۔
چڑیا گھر نے پانڈوں کیلئے بانس کی مستقل اور طویل مدتی فراہمی کو بھی یقینی بنایا ہے۔ یہ بانس مقامی طور پر اٹلانٹا میں اگایا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق اٹلانٹا کی آب و ہوا چین کے شہر چینگ دو سے کافی ملتی جلتی ہے، جہاں سے دونوں پانڈے امریکا روانہ ہوئے ہیں۔
زو اٹلانٹا میں اس سے قبل بھی چین سے قرض پر حاصل کیے گئے پانڈے موجود رہے ہیں۔ چڑیا گھر نے 1999 سے تقریباً 25 سال تک چینی پانڈوں کی میزبانی کی تاہم 2024 کے بعد وہاں کوئی پانڈا موجود نہیں تھا۔
دونوں نئے پانڈے 2020 میں پیدا ہوئے تھے۔ نر پانڈا پنگ پنگ کی عمر اب 6 سال ہے جبکہ مادہ پانڈا فو شوانگ بھی اگلے ماہ 6 سال کی ہوجائے گی۔
رپورٹ کے مطابق قید میں رہنے والے پانڈوں کی عمومی عمر تقریباً 30 سال ہوتی ہے۔
چین کئی دہائیوں سے دیوہیکل پانڈوں کو اپنی سفارتی تعلقات کے فروغ کیلئے استعمال کرتا آیا ہے۔ دنیا بھر میں پانڈے اپنی مقبولیت کے باعث چین کے نرم طاقت کے سفیر بھی سمجھے جاتے ہیں اور بیجنگ انہیں غیر ملکی ممالک کے ساتھ تعلقات کے فروغ کیلئے قرض پر فراہم کرتا ہے۔
امریکا اور چین کے درمیان پانڈا سفارت کاری کی ایک اہم مثال 1972 میں سامنے آئی تھی جب اس وقت کے امریکی صدر رچرڈ نکسن کے تاریخی دورہ چین کے بعد چین نے واشنگٹن کو پانڈوں کا ایک جوڑا تحفے میں دیا تھا۔
حالیہ برسوں میں پانڈوں کی مختلف ممالک میں منتقلی بھی چین کے سفارتی تعلقات کے تناظر میں توجہ کا مرکز رہی ہے۔
رواں سال کے آغاز میں چین نے جاپان سے اپنے دو پانڈے واپس بلا لیے تھے۔ یہ اقدام اس سفارتی تنازع کے بعد سامنے آیا تھا جو اس وقت شروع ہوا جب جاپان کے وزیراعظم نے اشارہ دیا تھا کہ اگر تائیوان پر حملہ ہوا تو ٹوکیو فوجی طور پر مداخلت کرسکتا ہے۔
اب پنگ پنگ اور فو شوانگ کی امریکا روانگی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب چینی صدر شی جن پنگ کے واشنگٹن دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان سربراہی سطح پر ملاقات ہوئی، تاہم اس ملاقات میں علامتی پیش رفت زیادہ اور بڑے معاملات پر ٹھوس پیش رفت محدود رہی۔


