لندن: برطانیہ کی پولیس نے روسی انٹیلی جنس کی معاونت کے الزام میں ایک سینئر امریکی فوجی اہلکار کو گرفتار کرلیا ہے۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق برطانوی پولیس نے منگل کو کہا ہے کہ امریکی فوجی کو مغربی انگلینڈ کے شہر گلوسٹا سے گرفتار کیا ہے جس پر خفیہ معلومات روس کو فراہم کرنے کا الزام ہے۔
گرفتار کیے گئے امریکی فوجی اہلکار کو قومی سلامتی ایکٹ کی دفعات ایک اور تین کے تحت جرائم کے شبہے میں حراست میں لیا گیا ہے۔ یہ دفعات خفیہ معلومات حاصل یا افشا کرنے اور کسی غیر ملکی خفیہ ادارے کی معاونت کرنے سے متعلق ہیں۔
پولیس نے گرفتار امریکی فوجی کی شناخت ظاہر نہیں کی، البتہ ایک بیان میں پولیس کا کہنا ہے کہ فوجی اہلکار کی گرفتاری کا انسدادِ دہشت گردی سے متعلق جاری کسی اور تفتیش سے کوئی تعلق نہیں۔
امریکی انٹیلی جنس اور سیکورٹی سروس فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) کے ڈائریکٹر کاش پٹیل کے مطابق 41 سالہ شخص کی گرفتاری ”جاسوسی کے الزامات“ سے متعلق ہے جو امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے لیے انتہائی تشویش کا باعث ہے۔
امریکی فوج کے کاؤنٹر انٹیلی جنس کمانڈ کے کمانڈنگ جنرل بریگیڈیئر جنرل شان اسٹنچون کا کہنا ہے کہ حساس معلومات رکھنے والے ایک سینئر اہلکار کا مبینہ رویہ یہ یاد دہانی کراتا ہے کہ اندرونی خطرات حقیقی اور مسلسل ہیں۔
امریکی فوجی اہلکار کی گرفتاری ایسے وقت سامنے آئی ہے جب ایک روز قبل ہی امریکہ نے برطانوی فوجی اڈے سے اپنا ری فیولنگ طیارہ واپس بلا لیا تھا۔ یہ تین مہینوں کے درمیان بظاہر امریکہ کا اس طرح کا دوسرا انخلا ہے۔
طیارے پیر کے روز مشرقی انگلینڈ میں واقع رائل ایئر فورس کے ملڈن ہال ایئر بیس سے روانہ ہوئے۔ امریکی اخبار وال اسٹریٹ جنرل کے مطابق ان طیاروں کی روانگی کی وجہ ایران کی جانب سے لاحق خطرہ تھا۔
اس سے قبل ستمبر میں امریکہ نے سیکورٹی خدشات کے پیشِ نظر آر اے ایف فیئرفوڈ اڈے سے اپنے اُن بمبار طیاروں کو واپس بلا لیا تھا جو ایران پر حملوں کے لیے استعمال کیے گئے تھے۔ یہ قدم ایک ایسے واقعے کے بعد اٹھایا گیا تھا جسے پولیس نے ایران کے ساتھ تعلق سے جوڑا تھا۔ تاہم ایران نے برطانیہ میں ہونے والے حملوں یا دیگر واقعات سے کسی بھی قسم کے تعلق کی تردید کی تھی۔
