تمام بند کی گئی موٹر ویز کل صبح کھول دی جائیں گی۔
موٹروے پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ کل صبح 6 بجے سے تمام موٹرویز ٹریفک کے لیے کھول دی جائیں گی۔ ترجمان کے مطابق ایم ون، ایم 14 اور ای 35 سمیت تمام موٹرویز کو ٹریفک کے لیے بحال کردیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق ایم ون پشاور موٹروے، ایم 14 اسلام آباد-ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے اور ای 35 ہزارہ موٹروے سمیت تمام موٹرویز پر ٹریفک بحال کردی جائے گی۔ شہری کل صبح 6 بجے کے بعد ان شاہراہوں پر معمول کے مطابق سفر کرسکیں گے۔
پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیش نظر اہم شاہراہیں بند کی گئی تھیں
ایم ون، ایم 14، ای 35 اور دیگر اہم شاہراہوں کی بندش کا پس منظر 27 ستمبر کو اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے اعلان کردہ احتجاج اور لانگ مارچ سے متعلق سیکیورٹی انتظامات تھا۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے 23 ستمبر کو ایم ون، ایم 14، ہزارہ موٹروے اور جی ٹی روڈ کے بعض حصوں سمیت متعدد اہم راستوں کو رات 11 بجے سے تاحکم ثانی بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔ حکام کی جانب سے اس اقدام کی وجہ امن و امان کی صورتحال بیان کی گئی تھی۔
موٹروے پولیس کے مطابق ایم ون کو اسلام آباد ٹول پلازہ سے چھچھ انٹرچینج تک دونوں اطراف ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کیا گیا تھا، جبکہ ایم 14 کو ہکلہ سے کنڈل تک بند رکھا گیا۔ جی ٹی روڈ بھی اٹک خورد کے مقام پر بند کیا گیا تھا۔
اسی طرح ای 35 ہزارہ موٹروے کو برہان انٹرچینج کے قریب بند کیا گیا تھا، جبکہ دیگر رابطہ سڑکوں پر بھی ٹریفک کی آمدورفت محدود کی گئی تھی۔
احتجاج مؤخر ہونے کے بعد موٹرویز کھولنے کا فیصلہ
پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کو اسلام آباد میں احتجاج اور لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا، جس کے پیش نظر حکومت اور سکیورٹی اداروں نے اسلام آباد آنے والے اہم زمینی راستوں پر رکاوٹیں اور سیکیورٹی انتظامات کیے تھے۔
براہ کرم سفر پر نکلنے سے پہلے ہماری ٹال فری ہیلپ لائن 130 یا @NHMPofficial پر رابطہ کرکے تازہ معلومات حاصل کریں۔
— National Highways & Motorway Police (NHMP) (@NHMPofficial) September 26, 2026
بعد ازاں پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کو 4 اکتوبر تک مؤخر کرنے کا اعلان کیا گیا۔ اس پیش رفت کے بعد بند کی گئی اہم شاہراہوں کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔



