سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے کُرم سیکٹر سے فتنہ الخوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔
ذرائع کے مطابق افغان صوبے ننگرہار اورپکتیا میں افغان پوسٹوں سے افغان طالبان کی زیرنگرانی فتنہ الخوارج کی دراندازی کی کوشش کی گئی جسے ناکام بنا دیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ناکامی کے بعد کرم سیکٹر میں افغان طالبان نے پاکستانی سرحدی چوکیوں پر بلااشتعال فائرنگ کی ، افغان طالبان نے بھاری ہتھیاروں ، مارٹرز اور دیگر اسلحے کا استعمال کیا، جس پر پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے بھرہور جوابی کاررروائی کرتے ہوئے دشمن کی توپیں خاموش کروا دیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی سکیورٹی فورسز نے طالبان کی سرحدی پوسٹوں کو چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں سمیت توپ خانے سے نشانہ بنایا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی فورسز نے سرحدی علاقوں پر مکمل کنٹرول برقرار رکھتے ہوئے دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا۔ شدید جوابی کارروائی کے نتیجے میں افغان طالبان متعدد پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق سرحدی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے، دشمن کی کسی بھی اشتعال انگیزی کا فوری اور فیصلہ کن جواب دینے کیلئے فورسز مکمل تیار اور الرٹ ہیں۔
اس سے پہلے بھی سرحد پار سے دراندازی اور تخریبی کارروائیوں کی متعدد کوششیں کی جاتی رہی ہیں جن کا مقصد سرحدی علاقوں میں بدامنی پیدا کرنے اور سکیورٹی صورتحال کو متاثر کرنا تھا۔ تاہم پاک فوج کے جوانوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کوششوں کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا اور دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنایا۔
تین ہفتے قبل بھی پاک فوج نے افغانستان سے بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 15 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا تھا کہ دہشتگردوں نے شمالی وزیر ستان سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی، پاک فوج نے پیشہ وارا نہ مہارت سے دہشتگردوں کا 36 گھنٹے تک مقابلہ کیا۔ اس کارروائی میں دہشتگردوں سے بھاری اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا تھا۔



