برطانوی فضائیہ نے ممکنہ ڈرون حملوں کے خطرے کے پیش نظر اپنے طیاروں کو رات کے اوقات میں ہینگرز اور محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل کرنا شروع کر دیا ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب برطانوی وزارتِ دفاع اور انٹیلی جنس ادارے ایم آئی فائیو نے منگل کو خبردار کیا تھا کہ یوکرین کی فوج کو براہِ راست معاونت فراہم کرنے والی کمپنیوں کے خلاف روس کی جانب سے تخریب کاری کی کارروائیوں کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔
برطانیہ کے فوجی اڈوں پر حالیہ عرصے میں ایسے واقعات بھی پیش آئے ہیں جن کا ممکنہ تعلق ایران سے جوڑا گیا، تاہم تہران نے برطانیہ میں مخصوص حملوں سے کسی بھی قسم کے تعلق کی تردید کی ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق برطانوی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ رائل ایئر فورس (آر اے ایف) نے طیاروں کو ممکنہ ڈرون حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے یہ اقدامات کیے ہیں۔
بريطانيا تنقل طائراتها العسكرية ليلاً إلى حظائر محصنة وسط مخاوف من عمليات تخريب روسية وتهديدات إيرانية محتملة تستهدف القواعد العسكرية
#العربية https://t.co/YhzHJnG15f
— العربية (@AlArabiya) November 25, 2026
برطانوی اخبار دی ٹائمز اور اسکائی نیوز کی رپورٹس کے مطابق جن جنگی طیاروں کو رن ویز یا ایسے فوجی اڈوں پر کھڑا کرنا ناگزیر ہے جہاں مناسب حفاظتی انتظامات موجود نہیں، ان کے گرد خصوصی حفاظتی جال نصب کیے جائیں گے۔
برطانوی وزارت دفاع کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت فوجی اڈوں، آلات اور اہلکاروں کی سکیورٹی کو انتہائی سنجیدگی سے لیتی ہے اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلیے حفاظتی اقدامات میں مسلسل بہتری لائی جا رہی ہے۔ تاہم ترجمان نے طیاروں کی منتقلی اور اینٹی ڈرون جال کے استعمال سے متعلق میڈیا رپورٹس کی براہِ راست تصدیق نہیں کی۔
رپورٹ کے مطابق رواں ماہ امریکی فضائیہ کے اہلکاروں نے برطانیہ میں آر اے ایف لکین ہیتھ کے فوجی اڈے پر ڈرون کی مشتبہ اور غیر مجاز سرگرمیوں کا جائزہ لینے کیلیے کارروائی کی تھی۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب امریکا نے ایک دوسرے فضائی اڈے سے اپنے فضائی ایندھن بھرنے والے طیارے منتقل کرکے آر اے ایف لکین ہیتھ پہنچائے تھے۔
اس سے قبل اکتوبر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران سے متعلق سکیورٹی خطرے کے باعث امریکا نے برطانوی فضائی اڈے آر اے ایف فیئر فورڈ سے اپنے بی ون بمبار طیارے منتقل کیے تھے۔
برطانوی فضائیہ کی جانب سے تازہ حفاظتی اقدامات ایسے وقت میں کیے جا رہے ہیں جب یورپ میں فوجی تنصیبات اور دفاعی سازوسامان کو ڈرون حملوں اور ممکنہ تخریب کاری سے محفوظ رکھنے کے خدشات بڑھ رہے ہیں۔



