حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کردی ۔ پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔
نئی نرخوں کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 314 روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 348 روپے مقرر کی گئی ہے۔ اوگرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 26 نومبر 2026 سے ہوگا۔
اس کمی کے نتیجے میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے مالکان کو پیٹرول کی مد میں جبکہ ٹرانسپورٹ، مال برداری اور زرعی شعبے کو ڈیزل کی قیمت میں کمی سے فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔
یاد رہے کہ پیٹرول کی قیمت بھی مارچ کے پہلے ہفتے میں 266 روپے فی لیٹر سے بڑھنا شروع ہوئی اور 3 اپریل کو 458 روپے 41 پیسے فی لیٹر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔
13 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف نے موٹر سائیکلوں، رکشوں اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کے لیے ریلیف اسکیم کا اعلان کیا تھا، تاکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھنے سے پڑنے والے بوجھ کو کم کیا جا سکے۔
اس سے قبل 17 جولائی کو وزیر پیٹرولیم نے اعلان کیا تھا کہ ایران اور امریکا کے درمیان خلیج فارس میں دوبارہ کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے پیش نظر اب ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں روزانہ مقرر کی جائیں گی۔
رواں سال ہی مارچ کے آغاز سے حکومت ہر ہفتے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کر رہی تھی۔ اس دوران مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع کے باعث تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات کے پیش نظر ایندھن کی بچت کے اقدامات بھی کیے گئے۔



