انگلینڈ کے سابق ٹیسٹ کپتان اور آل راؤنڈر بین اسٹوکس نے دو سال کے وقفے کے بعد انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2027 کی کھلاڑیوں کی نیلامی کے لیے اپنا نام درج کروا دیا ہے، آئی پی ایل کی جانب سے فرنچائزز کو فراہم کردہ ابتدائی فہرست کے مطابق بین اسٹوکس نے اپنی بنیادی قیمت 2 کروڑ بھارتی روپے مقرر کی ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق بین اسٹوکس ان 30 کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہوں نے نیلامی کے لیے سب سے زیادہ بنیادی قیمت کا انتخاب کیا ہے، آئی پی ایل 2027 کی نیلامی 16 دسمبر کو بھارتی ریاست گوا میں منعقد ہوگی۔
بین اسٹوکس نے 2025 کی بڑی نیلامی میں اپنا نام درج نہ کرانے کا فیصلہ کیا تھا تاکہ وہ انگلینڈ کی نمائندگی اور اپنے بین الاقوامی کیریئر کو طویل عرصے تک جاری رکھنے پر توجہ دے سکیں، تاہم آئی پی ایل کے 2025 کی میگا آکشن سے قبل متعارف کرائے گئے قواعد کے تحت وہ کھلاڑی جو پہلے لیگ میں کھیل چکے ہوں لیکن میگا آکشن کے لیے رجسٹریشن نہ کروائیں، انہیں اگلی منی آکشن میں شرکت کی اجازت نہیں ہوتی، اسی وجہ سے اسٹوکس 2027 کی نیلامی تک آئی پی ایل میں واپسی کے لیے اہل نہیں تھے۔
بین اسٹوکس 2017 میں آئی پی ایل کے مہنگے ترین غیر ملکی کھلاڑی بنے تھے، جب رائزنگ پونے سپر جائنٹس نے انہیں 14 کروڑ 50 لاکھ بھارتی روپے میں خریدا تھا، بعد ازاں 2023 میں چنئی سپر کنگز نے انہیں 16 کروڑ 25 لاکھ بھارتی روپے میں اپنی ٹیم کا حصہ بنایا تاہم گھٹنے کی انجری کے باعث وہ صرف دو میچز کھیل سکے۔
🚨 Ben stokes set to enter the IPL 2027 auction!
Team interested to get him
LSG
MI
CSK… See more https://t.co/HancMGS5n7— Yash MSdian ™️ 🦁 (@itzyash07) November 24, 2026
انگلینڈ کے آل راؤنڈر نے آخری مرتبہ 2024 کے ہنڈرڈ ٹورنامنٹ میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیلی تھی، جہاں ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوگئے تھے۔ 2025 کے آغاز میں جنوبی افریقی لیگ (SA20) میں ایم آئی کیپ ٹاؤن کی نمائندگی بھی انجری کے باعث ممکن نہ ہوسکی، رواں سال بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے ساتھ بھی معاہدہ کیا ہے۔
دو کروڑ بھارتی روپے بنیادی قیمت رکھنے والے دیگر کھلاڑی
بین اسٹوکس کے علاوہ 29 دیگر کھلاڑیوں نے بھی اپنی بنیادی قیمت 2 کروڑ بھارتی روپے مقرر کی ہے، ان میں ڈیوڈ وارنر، جونی بیئرسٹو، سیم بلنگز، ڈیرل مچل، ڈیون کونوے، راچن رویندرا، ٹرینٹ بولٹ، وانندو ہسارنگا، شائی ہوپ، شمرون ہیٹمائر، رحمان اللہ گرباز، مجیب الرحمان، فضل الحق فاروقی، ایڈم ملنے، میتھیشا پتھیرانا اور اینرک نورکیا سمیت دیگر نامور کرکٹرز شامل ہیں۔
بھارتی کھلاڑیوں میں اویش خان اور دیپک چاہر نے بھی سب سے زیادہ بنیادی قیمت والے گروپ میں اپنا نام درج کروایا ہے۔
1220 کھلاڑی ابتدائی فہرست میں شامل
آئی پی ایل 2027 کی ابتدائی فہرست میں مجموعی طور پر 1220 کھلاڑی شامل ہیں، فرنچائزز یکم دسمبر تک اپنی ترجیحی فہرستیں جمع کرائیں گی، جس کے بعد کھلاڑیوں کی حتمی فہرست اور نیلامی کے مختلف گروپس مرتب کیے جائیں گے۔
اس فہرست میں مکمل رکن ممالک کے 184 کیپڈ کھلاڑیوں کے علاوہ سات ایسوسی ایٹ ممالک کے 42 کھلاڑی بھی شامل ہیں، بنگلہ دیش کے 11 کرکٹرز نے بھی نیلامی کے لیے رجسٹریشن کروائی ہے، جن میں تسکین احمد اور توحید ہردوئے بھی شامل ہیں۔
تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کی آئی پی ایل 2027 میں شرکت کے حوالے سے تاحال واضح پالیسی سامنے نہیں آئی۔ اس سے قبل 2026 کے سیزن سے پہلے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو بنگلہ دیشی فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو اسکواڈ سے ریلیز کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔
بھارت کے سابق فاسٹ بولر ایشانت شرما نے بھی نیلامی کے لیے اپنا نام ان کیپڈ کھلاڑیوں کے زمرے میں درج کروایا ہے۔ وہ نومبر 2021 کے بعد بھارت کی جانب سے کوئی بین الاقوامی میچ نہیں کھیلے، اسی لیے آئی پی ایل کے قواعد کے تحت انہیں اس زمرے میں شامل کیا گیا ہے۔
ان کے علاوہ سندیپ واریئر، چیتن سکاریا، نویدیپ سینی، نتیش رانا، میانک مارکنڈے اور مندیپ سنگھ بھی ان کیپڈ کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہیں۔



