راولپنڈی:پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہنگو میں سکیورٹی فورسز نے خوارج کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں 2 افسران سمیت 6 جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔
شدید فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن ابوزر فاروق اور لیفٹیننٹ شیراز بابر سمیت 6 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق 23 سالہ کیپٹن ابوزر فاروق کا تعلق ضلع گوجرانوالہ جبکہ 22 سالہ لیفٹیننٹ شیراز بابر کا تعلق ضلع چکوال سے تھا۔ دونوں شہید افسران اپنے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے بہادری سے لڑے۔
علاقے میں مزید خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
عزم استحکام کے تحت دہشتگردی کیخلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، آئی ایس پی آر
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ عزم استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کا عزم برقرار ہے۔
صدر مملکت نے جام شہادت نوش کرنے والے جوانوں کی بہادری کو سراہا
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ہنگو میں سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ جبکہ 8 خارجیوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ صدر مملکت نے وطن کے دفاع میں جام شہادت نوش کرنے والوں کی بہادری کو سراہا۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ بہادر سپوتوں کی قربانیاں دہشتگردی کے خاتمے کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ جبکہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
پوری قوم اپنے بہادر شہدا کو سلام پیش کرتی ہے، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے 8 خارجیوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید افسران اور جوانوں نے وطن کے دفاع کے لیے بے مثال شجاعت کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔ اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔
وزیراعظم نے شہدا کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی، تعزیت اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
شہدا کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، وزیر داخلہ
وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہنگو میں خارجیوں کا بہادری سے مقابلہ کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کیپٹن ابوذر فاروق، لیفٹیننٹ شیراز بابر اور 4 جوانوں کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہدا نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 8 دہشتگردوں کو ہلاک کیا۔ جبکہ شہدا ہمارے سروں کا تاج ہیں اور ان کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
محسن نقوی نے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ قوم شہدا کی عظیم قربانیوں کا قرض کبھی بھی نہیں اتار سکتی۔


