ملک میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے بعد اب اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور مسلسل دوسرے دن بھی سونے کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق کاروباری ہفتے کے دوسرے روز مسلسل قیمت میں اضافہ ہوا اور فی تونا سونا 1300 روپے مہنگا ہو کر 3 لاکھ 85 ہزار 436 روپے ہوگیا۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت ایک ہزار 115 روپے بڑھ کر 3 لاکھ 30 ہزار 449 روپے ہوگئی۔
دوسری جانب چاندی کی قیمت میں معمولی کمی ہوئی ہے اور ایک تولہ چاندی 49 روپے کم ہو کر 4 ہزار 687 روپے ہوگئی۔
اسی طرح 10 گرام چاندی کی قیمت 41 روپے کمی کے ساتھ 4 ہزار 18 روپے ہوگئی۔
واضح رہے کہ سونے کی قیمت میں گزشتہ روز سونے کی فی تولہ قیمت میں 7 ہزار 800 روپے اضافہ ہوا تھا جب کہ 10 گرام سونے کی قیمت 6 ہزار 687 روپے بڑھی تھی۔
اس سے قبل ملک میں سونے کی قیمت مسلسل گراوٹ کا شکار تھی اور 18 نومبر کو 13 ماہ بعد فی تولہ سونے کی قیمت چار لاکھ روسے سے نیچھے آگئی تھی۔
یاد رہے کہ عالمی اور ملکی سطح پر مختلف عوامل سونے کی قیمتوں پر اثرانداز ہوتے ہیں جن میں امریکی ڈالر کی قدر میں تبدیلی، عالمی معاشی صورتِ حال میں غیر یقینی، جغرافیائی کشیدگی اور سرمایہ کاروں کا رجحان شامل ہے۔
عالمی سطح پر معاشی اور سیاسی غیر یقینی کے دوران سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھتے ہیں۔ ایسے حالات میں سونے کی طلب بڑھنے سے اس کی عالمی قیمت میں اضافہ ہو سکتا ہے جبکہ غیر یقینی صورتِ حال میں کمی قیمتوں پر دباؤ ڈال سکتی ہے۔
پاکستان میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے علاوہ روپے اور امریکی ڈالر کا شرح تبادلہ بھی مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے تعین میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔



