وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہونہار اسکالر شپ پروگرام ہر مستحق طالب علم کے لیے ہے۔
راولپنڈی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ ہونہار اسکالر شپ پروگرام کا مقصد مستحق طلبہ کو معیاری تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کا کوئی بھی ہونہار طالب علم مالی مجبوریوں کی وجہ سے تعلیم ادھوری نہیں چھوڑے گا، ہونہار اسکالر شپ کی فراہمی خالصتاً میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر یقینی بنائی جا رہی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب ملک کا واحد صوبہ ہے جو صرف طلبہ کی محنت کو سراہتا ہے، اسکالر شپ کی فراہمی بچوں پر احسان نہیں بلکہ یہ ان کا حق ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اگر پنجاب کو کوئی بچہ صرف اس بنیاد پر تعلیم ادھوری چھوڑتا ہے کہ اس کے خاندان والے اس کی پڑھائی کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے تو یہ حکومت کی بہت بڑی ناکامی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج جن طلبہ کو لیپ ٹاپ ملا ہے یہ ان کی محنت کا انعام ہے اور اس پر انہیں شکریہ کہنے کی ضرورت نہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور انہیں جدید تعلیم سے آراستہ کرنا ہماری حکومت کا مشن ہے، لیپ ٹاپس سے طلبہ کو معیاری تعلیم اور تحقیق کے حصول میں بھرپور مدد ملے گی۔
نوٹ: خبر میں مزید تفصیلات شامل کی جا رہی ہیں۔
