بھارت کی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کی سابق وزیرِاعظم شیخ حسینہ کا رضاکارانہ طور پر اپنے وطن واپس جانے کا منصوبہ، ڈھاکا کی جانب سے ان کی حوالگی کی درخواست سے ایک الگ معاملہ ہے۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق بھارتی وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ نئی دہلی، ڈھاکا کی جانب سے شیخ حسینہ کی حوالگی کی درخواست کا اپنے طے شدہ طریقہ کار کے تحت جائزہ لے رہا ہے۔
واضح رہے کہ شیخ حسینہ نے رواں ہفتے خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کو بتایا تھا کہ وہ بھارت میں دو سال سے زائد عرصے کی جلا وطنی کے بعد 16 دسمبر کو وطن واپسی کا ارادہ رکھتی ہیں۔
سابق وزیرِاعظم کے ترجمان سید مزمل علی نے ’رائٹرز‘ کو بتایا کہ شیخ حسینہ چاہتی ہیں کہ حکومت ملک کی قومی فضائی کمپنی ’بمان بنگلہ دیش ایئر لائنز‘ کے ذریعے ان کی نئی دہلی سے ڈھاکا واپسی کا انتظام کرے۔
ایک بیان میں مزمل علی نے کہا کہ شیخ حسینہ کو 5 اگست 2024 کو بنگلہ دیشی طیارے کے ذریعے بھارت منتقل کیا گیا تھا، اس لیے حکومت 16 دسمبر کو ان کی فضائی راستے سے وطن واپسی کا انتظام کرے۔
تاہم بنگلہ دیشی حکومت نے ان کی درخواست مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ شیخ حسینہ بھارت سے صرف حوالگی کے ذریعے ہی وطن واپس آ سکتی ہیں۔
بنگلہ دیش کے وزیرِ مملکت برائے خارجہ امور ہمایوں کبیر نے ’رائٹرز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ”شیخ حسینہ ایک سزا یافتہ مجرم اور مفرور دہشت گرد ہیں۔“
انہوں نے مزید کہا تھا کہ ”وہ ہتھکڑیوں اور سخت نگرانی میں صرف حوالگی کے معاہدے کے تحت واپس آ سکتی ہیں۔“
ہمایوں کبیر نے شیخ حسینہ کی خصوصی پرواز کے انتظام کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ بنگلہ دیش اس پر غور نہیں کرے گا۔
یاد رہے کہ شیخ حسینہ اگست 2024 میں طلبہ کی قیادت میں ہونے والی ملک گیر تحریک کے بعد بنگلہ دیش چھوڑ کر بھارت چلی گئی تھیں۔ یہ تحریک ان سے استعفے کے مطالبے کے لیے شروع ہوئی تھی اور بالآخر ان کی 15 سالہ حکومت کے خاتمے کا سبب بنی۔
اقوام متحدہ کے مطابق بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کا سبب بننے والی بدامنی کے دوران تقریباً 1400 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ شیخ حسینہ جلاوطنی کے دوران ان الزامات کی تردید کر چکی ہیں۔
شیخ حسینہ کی واپسی کے معاملے پر ملک میں سیاسی کشیدگی اور پُرتشدد واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ شیخ حسینہ کی واپسی کے مطالبے پر ان کی جماعت عوامی لیگ کے حامیوں نے رواں ماہ احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کا ایک ہفتہ منانے کا اعلان کیا تھا جس کا اختتام 19 نومبر کو ملک گیر لاک ڈاؤن پر ہوا تھا۔
مقامی میڈیا کے مطابق اس دوران گزشتہ 10 روز میں بنگلہ دیش کے کم از کم 28 اضلاع میں دیسی ساختہ بموں کے درجنوں دھماکے اور گاڑیوں کو نذر آتش کرنے کے واقعات پیش آئے جن میں متعدد پولیس اہلکار اور شہری زخمی ہوئے۔
حکومت نے ان واقعات کا ذمہ دار عوامی لیگ کو ٹھہرایا جبکہ جماعت کے ایک سینئر رہنما خالد محمود چوہدری نے موجودہ سیاسی انتظامیہ کو تشدد کا ذمہ دار قرار دیا۔
رائٹرز کے مطابق شیخ حسینہ کی جماعت عوامی لیگ پر 2024 کی تحریک کے بعد پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ بنگلہ دیش کی عدالت نے گزشتہ برس نومبر میں طلبہ تحریک کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دینے پر شیخ حسینہ کی غیر موجودگی میں انہیں سزائے موت سنائی تھی۔



