سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے مالیاتی مرکز کو ایک ہفتے کے دوران دوسری بار نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات ہیں۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق تین عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ منگل کو ایک نامعلوم نوعیت کا پروجیکٹائل ریاض کی بلند ترین عمارت سے ٹکرایا۔
اس عمارت میں میں سعودی عرب کے خودمختار سرمایہ کاری فنڈ پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (پی آئی ایف) کا ہیڈکوارٹر بھی قائم ہے۔
سعودی اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے منگل کو ’ایکس‘ پر ایک بیان میں کہا کہ ریاض کے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ (کے اے ایف ڈی) میں ایک ٹاور کو ’بزدلانہ دہشت گرد حملے‘ کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
التحالف:
– تعرض أحد أبراج المركز المالي لهجوم إرهابي جبان.
– يجري مباشرة موقع الهجوم من قبل جهات الاختصاص. https://t.co/nwzwxvfpGt
— المتحدث الرسمي باسم قوات التحالف (@CJFCSpox) November 24, 2026
انہوں نے بتایا کہ متعلقہ حکام حملے کے مقام کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ تاہم ترجمان نے نشانہ بنائی گئی عمارت کی شناخت، حملے کے ذمہ داروں یا کسی جانی و مالی نقصان کی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
’اے ایف پی‘ کے مطابق ایک اور عینی شاہد نے بتایا کہ علاقے میں لاؤڈ اسپیکر نصب ایک گاڑی کے ذریعے لوگوں کو خبردار کیا گیا کہ وہ محفوظ مقامات پر پناہ لیں۔ تاہم سعودی حکام کی جانب سے شہریوں کے موبائل فونز پر کسی ممکنہ خطرے سے متعلق الرٹ جاری نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 19 نومبر کو بھی ریاض کے مالیاتی مرکز میں واقع پی آئی ایف کے ہیڈکوارٹرز پر مشتمل عمارت کو حملے میں نقصان پہنچا تھا۔ سعودی حکام نے اس وقت بتایا تھا کہ عمارت کی کئی منزلوں اور اس سے ملحقہ دو عمارتوں کو نقصان پہنچا تھا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔
یمن کے حوثی باغیوں نے بعدازاں اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے ریاض کے مالیاتی مرکز کو دو مرتبہ نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔
’اے ایف پی‘ کے مطابق 385 میٹر بلند پی آئی ایف ٹاور ریاض کے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ کی نمایاں عمارت ہے۔ اس علاقے میں سعودی اسٹاک ایکسچینج کے ہیڈکوارٹرز کے علاوہ گولڈمین سیکس جیسے عالمی مالیاتی اداروں کے دفاتر بھی قائم ہیں۔
واضح رہے کہ حوثی باغیوں اور سعودی عرب کے درمیان حالیہ دنوں میں حملوں اور جوابی کارروائیوں میں تیزی آئی ہے جس سے دونوں فریقوں کے درمیان کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔
سعودی عرب ایک دہائی سے زائد عرصے سے یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کی حمایت کر رہا ہے جبکہ حوثی باغیوں نے یمن کے بحیرہ احمر کے ساحلی علاقوں پر قبضہ کر رکھا ہے۔ دونوں فریقوں کے درمیان جنگ 2022 میں تعطل کا شکار ہو گئی تھی تاہم رواں سال جولائی سے دوبارہ شدت اختیار کر گئی ہے۔
حالیہ ہفتوں کے دوران سعودی عرب پر حوثی باغیوں کے حملوں میں اضافہ ہوا ہے اور انہوں نے ہوائی اڈوں، توانائی کے انفراسٹرکچر، فوجی تنصیبات اور ریاض کے مالیاتی مرکز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
سعودی عرب کی جانب سے بھی حوثیوں کے متعدد حملوں کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔



