وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب جدید ترقی اور مستقبل کی ٹیکنالوجی کے ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے، لاہور میں ٹریک لیس ایس آر ٹی (SRT) ٹرام کی آمد اس سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے، جو آئندہ ہفتے شہر کی سڑکوں پر چلنا شروع ہوگی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ صوبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور ترقی و خوشحالی کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ہر گزرتا دن پنجاب کو جدت، ترقی اور خوشحالی کی نئی بلندیوں کی جانب لے جائے گا۔
ٹریک لیس ایس آر ٹی دراصل سپر آٹونومس ریپڈ ٹرانزٹ (Super Autonomous Rapid Transit) نظام ہے، جسے عام زبان میں پٹڑ ی کے بغیر چلنے والی الیکٹرک ٹرام بھی کہا جاتا ہے، روایتی ٹرام کے برعکس اس نظام کے لیے سڑک پر لوہے کی پٹڑیاں بچھانے کی ضرورت نہیں ہوتی بلکہ یہ خصوصی ٹائروں، سینسرز، جی پی ایس اور ڈیجیٹل نقشہ سازی کی مدد سے مقررہ راستے پر چلتی ہے۔
اس نظام کی گاڑیاں مکمل طور پر بجلی سے چلتی ہیں اور متعدد کوچز پر مشتمل ہوتی ہیں، اس ٹیکنالوجی کا مقصد زیادہ مسافروں کو نسبتاً کم وقت میں ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنا اور شہری ٹریفک کے دباؤ میں کمی لانا ہے۔
Punjab has stepped into a new era of futuristic development and next-generation progress! The arrival of the track-less SRT tram, set to hit the streets of Lahore next week, is another exciting milestone in our journey towards a modern, future-ready Punjab.
Every passing day will take our province to new heights of innovation, progress and prosperity, Insha’Allah.
Punjab is leading the way!
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) November 25, 2026
منصوبے کا آغاز اور آزمائشی سفر
لاہور میں ٹریک لیس ٹرام منصوبے پر کام کا آغاز 2025 میں ہوا تھا، اگست 2025 میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے علی ٹاؤن سے مسلم ٹاؤن تک ٹرام کا آزمائشی سفر بھی کیا تھا اور عام ٹریفک کے دوران اس کی کارکردگی کا جائزہ لیا تھا۔
اس موقع پر حکام نے بتایا تھا کہ ٹرام چین سے درآمد کی گئی ہے اور اس میں تین کوچز نصب ہیں جبکہ اس کی گنجائش تقریباً 320 مسافروں تک بتائی گئی تھی ، ایک مرتبہ چارج ہونے پر یہ تقریباً 40 کلومیٹر سفر کرسکتی ہے۔
لاہور میں جدید پبلک ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کی توسیع
پنجاب حکومت کے مجوزہ پانچ سالہ ٹرانسپورٹ منصوبے میں ایس آر ٹی اور آٹومیٹڈ ریپڈ ٹرانزٹ نظام کو مزید شہروں تک توسیع دینے کا منصوبہ بھی شامل ہے، حکام کے مطابق ابتدائی مرحلے میں لاہور کے بعد فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں بھی جدید ٹرانسپورٹ نظام متعارف کرانے پر کام کیا جا رہا ہے۔
اس سے قبل لاہور میں میٹرو بس، اورنج لائن میٹرو ٹرین اور الیکٹرک بس سروس جیسے منصوبے بھی شروع کیے جا چکے ہیں، حکومت کا مؤقف ہے کہ نئے الیکٹرک ٹرانسپورٹ منصوبوں سے فضائی آلودگی، ٹریفک کے دباؤ اور شہریوں کے سفری مسائل میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنے تازہ پیغام میں ٹرام کی سروس آئندہ ہفتے شروع ہونے کی اطلاع دی ہے، تاہم حتمی افتتاحی تاریخ، کرایے اور مکمل روٹ کی تفصیلات کے لیے سرکاری اعلان کا انتظار ہے۔
ٹریک لیس ایس آر ٹی ٹرام کیا ہے؟
آئی این پی کی رپورٹ کے مطابق ایس آر ٹی ایک بیٹری سے چلنے والی الیکٹرک ٹرانسپورٹ گاڑی ہے جو کئی حصوں یا کوچز پر مشتمل ہوتی ہے۔ دیکھنے میں یہ روایتی ٹرام یا ٹرین جیسی دکھائی دیتی ہے، لیکن اس کے پہیے عام سڑک پر چلتے ہیں۔
اس کی سب سے خاص بات ورچوئل ٹریک ٹیکنالوجی (Virtual Track Technology) ہے۔ اس ٹرام میں جدید سینسرز، جی پی ایس، ڈیجیٹل میپنگ اور خودکار رہنمائی کا نظام استعمال ہوتا ہے۔
سڑک پر ڈیجیٹل لائن کے ذریعے گاڑی کی سمت متعین ہوتی ہے۔ سینسرز اردگرد کی رکاوٹوں اور راستے کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہیں۔ جی پی ایس گاڑی کو مقررہ راستے پر رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ مخصوص ماڈلز میں ڈرائیور کے بغیر چلنے کی صلاحیت بھی موجود ہوتی ہے۔



